
8جنوری (پیپلز ڈیلی آن لائن)7 جنوری کو، چین کے مارکیٹ ریگولیٹر اور سائبر سپیس حکام نے ملک کے لائیو سٹریمنگ ای کامرس اور آن لائن تجارتی پلیٹ فارمز کو مزید منظم کرنے کے لیےدو الگ الگ دستاویزات جاری کیں۔
ریاستی مارکیٹ ریگولیشن ایڈمنسٹریشن اور چائنا سائبر سپیس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیے گئے لائیو سٹریمنگ ای کامرس کا نیا قانون ، کاروبار میں شامل افراد کے لیے ذمہ داریوں اور رویے کی حدود کی وضاحت کرتا ہے۔
نئے قوانین کے تحت، لائیو سٹریمنگ رومز کے آپریٹرز اور مارکیٹنگ کے عملے کو سختی سے تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ جھوٹی تشہیر، دوسروں کی تضحیک اور غیر قانونی مصنوعات و خدمات کی فروخت جیسی سرگرمیوں میں ہرگز شامل نہ ہوں۔
دوسرا قانون ،آن لائن تجارتی پلیٹ فارمز کے قواعد پر مرکوز ہے، جس کا مقصد آن لائن تجارت کے منظم طرزِ عمل کو برقرار رکھنا اور تمام فریقین کے جائز حقوق و مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
نئے قانون کے مطابق ، آن لائن پلیٹ فارمز کو اپنے قواعد کا استعمال کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں پر غیر معقول پابندیاں یا فیس عائد نہیں کرنی چاہیے ۔ اس کے علاوہ صارفین کے حقوق کو محدود کرنے، ڈیٹا کی بنیاد پر قیمتوں میں امتیاز کرنے یا یک طرفہ طور پر رکنیت کی شرائط میں تبدیلی کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے ۔