
۱۲ جنوری کو بیجنگ میں ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے ،بیسویں سینٹرل ڈسپلن انسپکشن کمیشن کے پانچویں کل رکنی اجلاس سے اہم خطاب کیا۔

شی جن پھنگ نے تاکید کی کہ پارٹی کی ہمہ جہت قیادت کو مضبوطی سے برقرار رکھا جائے اور اعلیٰ تر معیار نیز مزید مؤثر عملی اقدامات کے ذریعے پارٹی کے ہمہ گیر مضبوط نظم و ضبط کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت کے اہم فیصلوں اور پالیسی اقدامات پر مزید مضبوط اور مؤثر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اختیارات کو ادارہ جاتی دائرے میں منظم کرنے کے لیے سائنسی و مؤثر نظام قائم کیا جائے اور انسدادِ بدعنوانی کی جدوجہد کو ہوشیاری اور عزم کے ساتھ مسلسل آگے بڑھایا جائے، تاکہ "پندرھویں پانچ سالہ منصوبے" کی مدت کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ 2025 کے دوران مرکزی قیادت نے پارٹی طرزِ عمل میں بہتری اور انسدادِ بدعنوانی کی جدوجہد کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا، جس کے نمایاں نتائج سامنے آئے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں بدعنوانی کے خلاف جدوجہد بدستور پیچیدہ اور سخت نوعیت کی ہے۔ اس لیے دباؤ کی پالیسی میں کسی قسم کی نرمی نہیں آنی چاہیے اور جہاں بدعنوانی ہو، وہاں لازمی طور پر کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں پولیٹکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان لی چھیانگ، چاؤ لہ جی، وانگ حو ننگ، چھائی چھی اور ڈِنگ شوئے شیانگ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پولیٹکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سینٹرل ڈسپلن انسپکشن کمیشن کے سیکریٹری لی شی نے کی-