• صفحہ اول>>سیاست

    چینی صدر شی جن پھنگ سے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی کی ملاقات

    (CRI)2026-01-16

    16جنوری کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں، چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں جنوبی کوریا کے شہر گیونگ جو میں، دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے چین۔کینیڈا تعلقات میں بہتری کا نیا آغاز ہوا۔ دونوں فریقوں کو تاریخ، عوام اور عالمی برادری کے سامنے ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے نئے طرز کی چین۔کینیڈا سٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہیے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مثبت، مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے اور دونوں ممالک کے عوام کو بہتر طور پر فائدہ پہنچایا جا سکے۔

    صدر شی جن پھنگ نے چین۔کینیڈا تعلقات کے فروغ کے لیے چار نکات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کا احترام کرنے والے شراکت دار ، مشترکہ ترقی کے شراکت دار ، باہمی اعتماد کے شراکت دار اور باہمی تعاون کے شراکت دار بننا چاہیے ۔

    کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا چین کے ساتھ نئے طرز کی مضبوط اور پائیدار سٹریٹجک شراکت داری کے قیام کا خواہاں ہے۔ چین کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سائنسی اور تکنیکی جدت میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جو عالمی معاشی ترقی کے لیے قوت محرکہ فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے ایک چین کی پالیسی پر کینیڈا کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا تجارت، توانائی، زراعت، مالیات، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔کارنی نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو نہایت اہم ہے۔ کینیڈا چین کے ساتھ کثیرالجہت ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے وقار کے تحفظ اور عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی تعاون پر آمادہ ہے ۔

    ملاقات کے بعد، دونوں فریقوں نے "چین۔کینیڈا رہنماؤں کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ" جاری کیا۔

    زبان