23 جنوری کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ،شی جن پھنگ نے تھو لام کو ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیا۔
اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ تیرہویں قومی کانگریس کے بعد سے ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی، اپنے قومی حالات کے مطابق سوشلسٹ جدیدیت کے راستے پر ثابت قدمی سے عمل پیرا رہی ہے اور ملک کی تعمیر و اصلاحات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے نتیجے میں ویتنام کی بین الاقوامی حیثیت اور اثر و رسوخ میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی چودہویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد نے ویتنام کے لیے قومی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے ۔انہوں اس یقین کا اظہار کیا کہ جنرل سیکریٹری تھو لام کی قیادت میں ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی نئی مرکزی کمیٹی ،عوام کو متحد رکھے گی ، عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے نئی اور بڑی کامیابیوں کے حصول میں مدد دے گی نیز چودہویں قومی کانگریس میں متعین کردہ تمام اہداف حاصل کرے گی ۔
شی جن پھنگ نےکہا کہ چین اور ویتنام ،دوست پرورسوشلسٹ ہمسائے اور سٹریٹجک نوعیت کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے والے ممالک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چین اور ویتنام کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جنرل سیکرٹری تھولام کے ساتھ سٹریٹیجک روابط کو مضبوط بنانے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سوشلزم کے مقاصد کو فروغ دینے اور جامع سٹریٹیجک تعاون کے فوائد حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید خوشحالی مہیا کی جا سکےنیز خطے اور دنیا کے امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔