• صفحہ اول>>سیاست

    شی جن پھنگ سے یوراگوئے کے صدر یاماندو  اورسی کی ملاقات

    (CRI)2026-02-03

    3 فروری کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ، چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے یوراگوئے کے صدر یاماندو اورسی سے ملاقات کی۔

    شی جن پھنگ نے کہا کہ اگرچہ چین اور یوراگوئے جغرافیائی طور پر ایک دوسرے سے دور ہیں، تاہم دونوں ممالک کے خیالات میں ہم آہنگی اور دوستی کی مضبوط بنیاد موجود ہے۔ نئی صورتحال میں دونوں فریقوں کو روایتی دوستی کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمہ جہت سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ چین، یوراگوئے کی جانب سے"جی77 اور چین " کی صدارت سنبھالنے کی حمایت کرتا ہے، مساوی اور منظم کثیر قطبی عالمی نظام اور ہمہ گیر و جامع اقتصادی عالمگیریت کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے اور بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کی خاطر ، ، گلوبل ساوتھ میں اتحاد و تعاون کے فروغ کے لیے یوراگوئے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

    شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ سے ، چین۔لاطینی امریکا تعلقات کو اہمیت دیتا آیا ہے، لاطینی امریکا اور کیریبین ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور یوراگوئے کی جانب سے لاطینی امریکہ و کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی اور جنوبی مشترکہ منڈی کی صدارت سنبھالنے کی بھی حمایت کرتا ہے۔ چین ، یوراگوئے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر چین۔لاطینی امریکا مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کو مزید عملی اور گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

    صدر یاماندو اورسی نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کا فروغ یوراگوئے کی قومی پالیسی کا جزو بن چکا ہے۔ یوراگوئے ایک چین کے اصول اور "ایک ملک، دو نظام" کی پالیسی کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ ہمہ جہت سٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کے تصور کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوراگوئے ، چین کے ساتھ مل کر لاطینی امریکا اور چین کے تعلقات کے فروغ اور گلوبل ساوتھ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔

    ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان نے سرمایہ کاری کے فروغ، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق دس سے زائد دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔

    دورے کے دوران دونوں فریقوں نے" چین اور یوراگوئے کے درمیان ہمہ جہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے سے متعلق مشترکہ اعلامیہ" بھی جاری کیا۔

    زبان