
10 فروری 2026۔ جشنِ بہار کی آمد پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے بیجنگ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ملک میں اور ملک سے باہر رہنے والے چینیوں کو جشن بہار کی مبارک باد دی۔ (شنہوا/ یان یان)
چینی صدر شی جن پھنگ نے 9 اور 10 فروری کو بیجنگ کے مختلف علاقوں کے دورے کیے۔ شی جن پھنگ نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن پارک، بزرگوں کی رہائشی کمیونٹی اور جشن بہار کے خصوصی بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں موجود لوگوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت کی ۔ دو روزہ معائنہ جاتی دوروں کے دوران شی جن پھنگ نے بیجنگ میں بنیادی سطح کے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں سے ملاقات میں ان کی صحت، کامیابی اور خاندان کی خوشیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے چینی قمری کیلنڈر کے مطابق، گھوڑے کے نئے سال میں ملک کی امن و خوشحالی کے لیے بھی نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔
بزرگوں کے لیے رکاوٹوں سے پاک بیجنگ ڈاون ٹاون کمیونٹی ، اس کی کینٹین اور شی چھنگ ڈسٹرکٹ میں معمر افراد کے رہائشی کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے یہاں مقیم افراد کو صحت اور طویل عمری کی دعا دیتے ہوئے انہیں نئے سال کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ بزرگ افراد کی دیکھ بھال ایک مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔
ڈسٹرکٹ دونگ چھنگ کے کمرشل ایریا لونگ فو سی میں انہوں نے شہری احیا کی کوششوں کا جائزہ لیا اور مشہور بیکری برینڈ ، داوشیانگ ٹسون پر یہاں کی مشہور روایتی پیسٹری بنانے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ جشن بہار کے مخصوص بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے ناصرف خوشگوار ماحول میں وہاں موجود لوگوں سے بات چیت کی بلکہ کچھ مخصوص پکوان اور روایتی ثقافتی اشیا کی خریداری بھی کی۔
اپنے دورے کے دوران، شی جن پھنگ نے بیجنگ میونسپل پارٹی کمیٹی اور میونسپل گورنمنٹ سے ان کی ورک رپورٹس سنیں اور مختلف سطح پر شہر ی ترقی کی منظوری دی۔شی جن پھنگ نے کہا کہ " پندرہویں پانچ سالہ منصوبے" کی مدت ایک مضبوط بنیاد کی تعمیر اور مجموعی طور پر سوشلسٹ جدیدیت کی تعمیر کے لیے اہم دور ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ بیجنگ کو قیادت سنبھالنی چاہیے اور "فیصلہ کن ترقی" کے حصول کو یقینی بنانا چاہیے نیز تھیان جن اور حہ بے کے ساتھ اپنی جدت کی ہم آہنگی اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ، بیجنگ-تھیان جن-حہ بے ریجن کے بین الاقوامی سائنسی و تکنیکی جدت کے مرکز کو بڑھانے کے موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ جدید خدمات کے شعبے کو فعال طور پر ترقی دینی چاہیے ، اصلاحات کو جامع طور پر گہرا کرنے اور ادارہ جاتی کھلنے پن کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ ایسے عملی تجربات کا حصول ہو جو ملک بھر میں لاگو کیے جا سکیں۔
شی جن پھنگ نے تاکید کی کہ بیجنگ کو، بیسویں سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس کی روح کو مکمل طور پر نافذ کرنا چاہیے، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی طرف سے شہر کی طے شدہ سٹریٹجک پوزیشن کو برقرار رکھنا چاہیے اور معاشی و سماجی ترقی کو درست اور عملی طریقے سے فروغ دینا چاہیے، تاکہ بنیادی طور پر سوشلسٹ جدیدیت کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فیصلہ کن پیش رفت کو یقینی بنا یا جا سکے ، اور قوم کے لیے ایک مثالی کردار ادا کیا جا سکے ۔
شی جن پھنگ نے یہ بھی کہا کہ بیجنگ کو عالمی معیار کا حامل ، ہم آہنگ اور رہائش کے لیے پسندیدہ شہر بنانا چاہیے۔ ہمیں عوام پر مبنی شہر کے تصور پر کاربند رہنا چاہیے، بنیادی عوامی خدمات کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور لوگوں کی فوری ضروریات اور خدشات کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہیے۔