
گیارہ فروری کو ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے مختلف جمہوری جماعتوں کی مرکزی کمیٹیز کے رہنماؤں، آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس اور غیر جماعتی شخصیات کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ شی جن پھنگ نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے تمام جمہوری جماعتوں، آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس، غیر جماعتی شخصیات اور متحدہ محاذ کے اراکین کو تہہ دل سے چین کے روایتی تہوار ،جشن بہار کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شی جن پھنگ نے کہا کہ 2025 ایک غیر معمولی سال تھا ۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی ملکی اور بین الاقوامی حالات میں گہری اور پیچیدہ تبدیلیوں کا سامنا کرتے ہوئے، پوری پارٹی اور ملک بھر کی تمام قومیتوں کو متحد کیا ،ان کی رہنمائی کرتے ہوئے مشکلات پر قابو پایا اور سخت جدوجہد سے اقتصادی و سماجی ترقی کے اہم اہداف اور امور کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ پانچ سال کی مسلسل کوششوں کے بعد، چودہواں پانچ سالہ منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے ۔ چین کی معاشی طاقت ، سائنسی و تکنیکی طاقت، قومی دفاعی طاقت اور مجموعی قومی قوت ایک نیا عروج دیکھ رہی ہے اور چین کی جدیدیت نے نئے اور ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ یہ کامیابیاں سی پی سی کی مضبوط قیادت اور جمہوری پارٹیز ، آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس اور غیر جماعتی شخصیات سمیت ملک بھر کے تمام لوگوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ 2026 ، پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کا سال ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام جمہوری پارٹیز، آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس اور غیر جماعتی سیاسی شخصیات ، اپنے فرائض اور ذمہ داریاں مکمل جانفشانی سے ادا کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے فیصلوں اور منصوبہ بندی کے نفاذ میں نئی کامیابیوں کے حصول کی جدوجہد کریں گی۔