14 فروری کو ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل نے جشن بہار کی مناسبت سے ایک روایتی تقریب کا انعقاد کیا۔ سی پی سی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک بھر کی تمام قومیتوں ، ہانگ کانگ اور مکاؤ خصوصی انتظامی علاقوں کے ہم وطنوں، تائیوان کے ہم وطنوں اور بیرونِ ملک مقیم چینی باشندوں کو نئے سال کی مبارک باد پیش کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ رخصت ہونے والا "سانپ سے منسوب سال" ایک غیر معمولی سال تھا۔ پیچیدہ اور بدلتی ہوئی بین الاقوامی و داخلی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے، ہم نے مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہے، جس کے نتیجے میں پارٹی اور ملکی امور میں نئی پیش رفت اور نئے ثمرات حاصل ہوئے۔ سال بھر کے دوران اقتصادی و سماجی ترقی کے اہم اہداف اور ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل ہوئیں،چودہواں پانچ سالہ منصوبہ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا اور ملک کی اقتصادی، سائنسی و تکنیکی طاقت، دفاعی طاقت اور مجموعی قومی قوت نئی بلندیوں تک پہنچ چکی ہے۔ چینی طرز کی جدیدیت نے مضبوطی کے ساتھ قدم آگے بڑھائے ہیں۔
شی جن پھنگ نے واضح کیا کہ 2026 میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کے 105سال مکمل ہورہے ہیں اور یہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کا سال بھی ہے۔ ہمیں مستحکم پیش رفت کے مجموعی اصول پر کاربند رہتے ہوئے، نئے ترقیاتی ڈھانچے کی تشکیل کو تیز کرنا ہوگا، اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ پر بھرپور توجہ دینی ہوگی، سماجی ہم آہنگی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہوگا اور پارٹی کے سخت نظم و ضبط کے ہمہ گیر نفاذ کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانا ہوگا، تاکہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کا خوشگوار آغاز ممکن بنایا جا سکے۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ "گھوڑے سے منسوب سال" میں امید ہے کہ ملک بھر کی تمام قومیتوں کے عوام سی پی سی مرکزی کمیٹی کے گرد مزید مضبوطی سے متحد ہوں گے اور مشترکہ طور پر ایک زیادہ خوبصورت مستقبل تخلیق کریں گے۔