• صفحہ اول>>سیاست

    چین نےمشرق وسطی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، چینی وزیر خارجہ

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-03-08

    8مارچ (پیپلز ڈیلی آن لائن)8 مارچ کو چودہویں قومی عوامی کانگریس کے چوتھے سیشن کے دوران ایک پریس کانفرنس میں،چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین نے فوری طور پر مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تنازع کی شدت اور اس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ جنگ نہیں ہونی چاہیے تھی اور یہ ایک ایسی جنگ ہے جو کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں ہے۔ طاقت کا استعمال کوئی حل فراہم نہیں کرتا ، مسلح تنازع صرف نفرت کو بڑھائے گا اور نئے بحران کو جنم دے گا۔

    وانگ ای نے ایران اور مشرق وسطیٰ سے متعلقہ مسائل کو مناسب طریقے سے حل کرنے کے بنیادی اصولوں کا خاکہ پیش کر تے ہوئے کہا کہ ایران سمیت تمام خلیجی ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور ان کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے طاقت کے غلط استعمال کی مخالفت کے اصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طاقت حق بجانب نہیں بنادیتی اور شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

    انہوں نے داخلی امور میں عدم مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے لوگ اس خطے کے حقیقی مالک ہیں اور علاقائی ممالک کو مکمل خود مختاری کے ساتھ مشرق وسطیٰ کے امور طے کرنے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ " کلر ریولوشن" کی منصوبہ بندی یا حکومت کی تبدیلی کی کوششوں کو عوامی حمایت نہیں ملے گی۔تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد مذاکرات کی میز پر واپس آئیں ، اختلافات کو مساویانہ بات چیت کے ذریعے حل کریں اور مشترکہ سلامتی کے حصول کی کوشش کریں، وانگ ای نے سلگتے ہوئے حساس مسائل کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے اصول پر زور دیا۔ انہوں نے بڑے ممالک مطالبہ کیا کہ وہ انصاف اور راست بازی کے جذبے پر عمل کریں اور مشرق وسطیٰ کے امن و ترقی کے لیے مزید مثبت توانائی فراہم کریں۔

    وانگ ای کا کہنا تھا کہ چین ، مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سلامتی کے اقدامات پر عمل کرنے، مشرق وسطیٰ میں امن و امان بحال کرنے، اس کے لوگوں کے لیے سکون اور دنیا کے لیے امن قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔

    زبان