11 مارچ کو چین کی وزارت دفاع کے ترجمان سینئر کرنل جیانگ بن نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے فوجی حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے امریکہ ایران مذاکرات کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر ایران کے خلاف فوجی حملے شروع کیے جو بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ چین دوسرے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزیوں، طاقت کے غلط استعمال اور جنگل کے قانون کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ چین کو طویل تنازعات اور پڑوسی ممالک پر اس کے منفی اثرات پر گہری تشویش ہے ،اور چین کا موقف ہے کہ بین الاقوامی تنازعات کو حل کرنے کے لیے طاقت کا استعمال درست طریقہ نہیں ہے۔ اشد ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام فریق فوری طور پر فوجی آپریشن بند کرکے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کے راستے پر واپس آئیں اور مشرق وسطیٰ نیز عالمی امن و استحکام کا مشترکہ تحفظ کریں۔