مقامی وقت کے مطابق 18 مارچ کو امریکی فیڈرل ریزرو نے اعلان کیا کہ وہ فیڈرل فنڈز کی شرح کے لیے ہدف کی حد کو 3.5 فیصد سے 3.75 فیصد تک برقرار رکھے گا۔ فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ افراط زر نسبتاً بلند سطح پر ہے اور ٹیرف جزوی طور پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قلیل مدت میں توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں مجموعی افراط زر کو بڑھا دیں گی، تاہم اس کے اثرات کی شدت اور مدت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مانیٹری پالیسی کا کوئی پہلے سے طے شدہ راستہ نہیں ہے اور اس کا فیصلہ اقتصادی اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر اجلاس میں کیا جائے گا۔
جیروم پاول نے مزید کہا کہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے فیڈرل ریزرو کے خلاف جاری تحقیقات شفاف انداز میں مکمل ہونے سے قبل وہ اپنے عہدے سے الگ ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر نئے چیئرمین کی نامزدگی کو بروقت امریکی سینیٹ کی توثیق حاصل نہ ہو سکی، تو وہ قانون کے مطابق نئے چیئرمین کی نامزدگی کی توثیق ہونے تک عبوری چیئر مین کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔



