• صفحہ اول>>چین پاکستان

    پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں اور عالمی کردار کو سراہا

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-03-26

    26 مارچ (پیپلز ڈیلی آن لائن)بوآؤ ایشیا فورم 2026 کا سالانہ اجلاس 24 سے 27 مارچ تک چین کے صوبے ہائی نان کے شہر بوآؤ میں جاری ہے۔ پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پیپلز ڈیلی کے نمائندے کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں چین کی اندرونی ترقی، علاقائی تعاؤن اور منصفانہ عالمی حکمرانی میں چین کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی ترقیاتی کامیابیوں اور باہمی تعاؤن کے نقطہ نظر کو بھرپور انداز میں تسلیم کیا۔

    انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ چین نے اپنی خوشحالی اور ملک سے غربت کے خاتمے کی مہم میں نہایت اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نہ صرف علاقائی طور پر بلکہ پورے ایشیاء میں چین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے ذریعے شراکت داری کو فروغ دیا، جس کے تحت شراکت دار ممالک کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی، رابطہ سازی اور مشترکہ مستقبل پر مبنی تعاون کے قیمتی مواقع میسر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کے معاشی اقدامات نے خطے اور عالمی سطح پر ترقی کا ایک نیا نمونہ پیش کیا ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں چین کی شراکت داری سب سے زیادہ مؤثر ہے۔ ان کے مطابق جیواشم ایندھن پر انحصار کم کر کے سبز توانائی کی طرف منتقلی نہ صرف چین بلکہ اس کے تمام شراکت داروں اور پوری دنیا کے مستقبل کا رخ متعین کرے گی۔ چین کا پانچ سالہ منصوبہ اس سمت میں ایک اہم رہنما دستاویز ہے جو دیگر ممالک کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔

    کاکڑ نے کہا کہ چین ایک منفرد پوزیشن میں ہے اور گلوبل ساؤتھ کی ایک توانا آواز بن سکتا ہے۔ وہ نہ صرف کثیرالجہتی کو فروغ دے سکتا ہے، اور موجودہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا بین الاقوامی نظام تشکیل دینے میں کردار ادا کر سکتا ہے جو قواعد پر مبنی ہو اور سب کے لیے مفید ہو۔ ان کے مطابق چین گلوبل ساؤتھ اور گلوبل نارتھ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چین کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں قائدانہ حیثیت حاصل ہے۔ ان کے مطابق گلوبل ساؤتھ کے ممالک چین کے ساتھ تعاون کے ذریعے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کا کھلے پن پر مبنی رویہ اور شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلنے کا انداز باہمی فائدے کی صورتحال پیدا کرتا ہے۔ قابلِ تجدید توانائی کے وسائل، مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا مراکز کے لیے ایک پائیدار ماحولیاتی نظام فراہم کر رہے ہیں، جو ترقی کے ایک مشترکہ ماڈل کی عکاسی کرتا ہے۔

    انوار الحق کاکڑ نے بوآؤ ایشیا فورم کو ایک مؤثر عالمی مکالمے کا پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فورم دنیا بھر کے مختلف خطوں—آسٹریلیا، لاطینی امریکہ، شمالی امریکہ، یورپ اور ایشیا—سے رہنماؤں اور ماہرین کو ایک جگہ جمع کر کے عالمی سطح پر خیالات کے تبادلے اور تجربات کے اشتراک کو فروغ دیتا ہے۔

    ویڈیوز

    زبان