پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے 29 مارچ کی صبح جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ اس دوران انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔بیان کے مطابق، گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ تنازع کے تمام فریقوں کا ہر قسم کے حملوں اور مخاصمانہ کارروائیوں کو فوری طور پر روکنا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق، پاکستان 30 مارچ کو اسلام آباد میں ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے ساتھ چار ملکی وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد کرے گا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کو کم کرنے اور علاقائی استحکام کے فروغ کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔



