سات اپریل کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور چین کے صدر شی جن پھنگ نے تولام کو ویتنام کا صدر منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام ارسال کیا۔
اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور ویتنام مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے ہیں جو سٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں دونوں جماعتوں اور دونوں ممالک کی قیادت کی مشترکہ رہنمائی اور کوششوں سے چین -ویتنام تعلقات میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، جامع سٹریٹجک تعاون کے ثمرات بھرپور انداز میں سامنے آئے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ رواں سال کے آغاز سے دونوں فریق اعلیٰ سطحی سٹریٹجک روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں اور مفید ہمہ جہتی باہمی تعاون کو مسلسل آگے بڑھا رہے ہیں، جس سے "رفیق اور بھائی" کی گہری دوستی کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے رونما ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے تناظر میں چین اور ویتنام کے درمیان اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانا دونوں جماعتوں اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چین اور ویتنام کے تعلقات کی ترقی کو نہایت اہمیت دیتے ہیں اور صدر تولام کے ساتھ مل کر مشترکہ ترقی نیز چین ویتنام مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کو مسلسل فروغ دینے ، دونوں ممالک کے سوشلسٹ نظام کی مضبوطی اور عوام کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور خطے سمیت دنیا میں استحکام اور مثبت توانائی فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔
اسی دن، چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے بھی ،لہ من حونگ کو ویتنام کا وزیرِاعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیا۔