4 مئی کی شام تقریباً 4:40 منٹ پر ، چین کے صوبہ ہو نان کے شہر لیو یانگ میں ہوا شنگ فائرورکس کمپنی کی ورکشاپ میں ایک دھماکہ ہوا، جس سے کافی جانی نقصان ہوا۔
دھماکے کے بعد، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے کام کو تیز کیا جائے ، زخمیوں کو مکمل طبی امداد فراہم کی جائے اور حادثے کے بعد کے حالات کو مناسب طریقے سے سنبھالا جائے ۔ صدر شی جن پھنگ نے حادثے کی وجوہات کا جلد پتہ لگانے اور ذمہ داروں کی جوابدہی پر بھی زور دیا۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک بھر میں تمام علاقوں اور متعلقہ محکموں کو اس حادثے سے سبق سیکھنا چاہیے، ایسی پیداوار میں ذمہ داریوں کی کڑی نگرانی اور ان پر عمل درآمد کرنا چاہیے، اہم صنعتوں اور شعبوں میں خطرات کی تحقیقات کو مضبوط بنانا چاہیے اور عوامی تحفظ کے انتظام کو بڑھانا چاہیے تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کیں کہ ہلاکتوں کی تعداد کی فوری تصدیق کی جائے، زخمیوں کو مکمل طبی امداد فراہم کی جائے، سرچ اینڈ ریسکیو کی کوششوں کو سائنسی طریقے سے منظم کیا جائے، ثانوی آفات کو سختی سے روکا جائے، اور بعد کے حالات سے مناسب طریقے سے نمٹا جائے ۔ انہوں نے حادثے کی وجہ کا جلد پتہ لگانے اور قانون و ضوابط کے مطابق اس معاملے سے سنجیدگی سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ یوم مزدور کی تعطیلات کے دوران، ریاستی کونسل کی سیفٹی پراڈکشن کمیٹی کا دفتر تمام علاقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ اس حادثے سے سبق حاصل کریں اور اہم صنعتوں اور شعبوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کریں تاکہ بڑے اور سنگین حادثات سے بچا جا سکے ۔
صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کی ہدایات کے مطابق، ایمرجنسی مینجمنٹ کی وزارت نے رہنمائی کے لیے ایک ورکنگ گروپ کو جائے وقوعہ پر بھیجا ہے۔ صوبہ ہو نان نے زخمیوں کے علاج اور جائے وقوعہ کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنی پوری کوششیں کی ہے جو اس وقت بھی جاری ہیں ۔