8 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن)۔جمعرات کو چائنا کوسٹ گارڈ کے ترجمان جیانگ لیوے نے فلپائن کی جانب سے چینی کوسٹ گارڈز پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے کہا کہ 6 مئی کو، چین کا تحقیقاتی جہاز "شیانگ یانگ ہونگ 33" معمول کے مطابق، ہاؤ تھینگ ریف کے قریب سمندری علاقے میں ماحولیاتی سروے کر رہا تھا کہ اس دوران فلپائن کوسٹ گارڈ کا ایک "آئی لینڈر" ایئر کرافٹ دانستاً اس کی جانب آیا اور چینی جہاز کی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تحقیقاتی جہاز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے چائنا کوسٹ گارڈ نے قانون اور ضوابط کے مطابق ، پیشہ ورانہ اور منظم انداز میں ایئر کرافٹ کی نگرانی اور ٹریکنگ کا عمل سر انجام دیا۔
جیانگ لیوے نے کہا کہ فلپائن کی جانب سے دیے گئے بیانات میں حقائق کو مسخ کیا گیا ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے فلپائن سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی مداخلت اور چین کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ چائنا کوسٹ گارڈ، چین کے زیرِ انتظام سمندری علاقوں میں قانون نافذ کرنے اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا نیز چین کی سائنسی تحقیقات پر مبنی سرگرمیوں کے تحفظ اور بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اختیار کرے گا۔