• صفحہ اول>>سیاست

    شی جن پھنگ کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت

    (CRI)2026-05-15

    چودہ مئی کی شام چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا۔

    اس موقع پر شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ یہ سال چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے آغازکا سال ہے اور امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ چین اور امریکا دونوں ممالک کے عوام عظیم ہیں۔ چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کو عملی جامہ پہنانا اور امریکا کو دوبارہ عظیم بنانا ، یہ دونوں مقاصد ایک دوسرے کے تعاون سے کامیاب ہو سکتے ہیں، بلکہ ان کی بدولت دنیا کو بھی فوائد پہنچ سکتے ہیں۔ صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ انہوں نے، صدر ٹرمپ سے متعدد مواقع پر ملاقات اور بات چیت کی ہے، اور دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ چین -امریکا تعلقات آج کی دنیا میں سب سے اہم دوطرفہ تعلقات ہیں، جنہیں خراب نہیں بلکہ بہتر بنایا جانا چاہیے۔ دونوں ممالک کو حریف کی بجائے شراکت دار ہونا چاہیے۔ دونوں رہنما ،چین اور امریکا کے درمیان تعمیری سٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات قائم کرنے اور چین امریکا تعلقات کی مستحکم، مثبت اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر متفق ہیں۔ شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین امریکا تعلقات دونوں ممالک کے 1.7 ارب سے زائد عوام کی فلاح و بہبود اور دنیا کی 8 ارب سے زائد آبادی کے مفادات سے وابستہ ہیں۔ ہمیں مشترکہ طور پر اس تاریخی ذمہ داری کو نبھانا چاہیے۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے دورہ چین کے دوران گرم جوش مہمان نوازی پر صدر شی جن پھنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک خوبصورت دن ہے۔ یہ ایک اہم دورہ ہے اورفریقین نے مثبت اور تعمیری بات چیت کی ہے۔ امریکی اور چینی عوام ایک دوسرے کی قدر کرتے ہیں ،باہمی احترام کے جذبات رکھتے ہیں اور ان کی دوستی کی ایک قدیم تاریخ ہے۔ امریکا- چین تعلقات دنیا میں سب سے اہم دو طرفہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو دنیا کے بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے۔

    زبان