
16 جون کو، بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے میانمار کے صدر من آنگ ہلائنگ سے ملاقات کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور میانمار کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 76 برس مکمل ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر، پرامن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں کی حمایت اور عملی پاسداری کی ہے نیز مساوات، باہمی مفادات اور مشترکہ کامیابی پر مبنی بین الریاستی تعلقات کی ایک مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین عدم مداخلت کے اصول پر قائم ہے اور میانمار کے بارے میں اس کی دوستانہ پالیسی میانمار کے تمام عوام کے لیے ہے۔ چین، میانمار کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور اپنی قومی صورتحال اور عوامی خواہشات کے مطابق ترقی کی راہ اختیار کرنے کے لیے میانمار کی نئی حکومت کی جانب سے ترقی اور سلامتی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی تائید کرتا ہے ۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ رواں سال چین کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کا سال ہے اور چین میانمار کے ساتھ اپنے ترقیاتی تجربات بانٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک سیاسی اعتبار سے باہمی اعتماد، ترقی کے میدان میں باہمی فائدے، سلامتی کے شعبے میں قریبی تعاون اور عوامی روابط میں تبادلوں پر مبنی چین۔میانمار مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کو مزید آگے بڑھائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ فوائد حاصل ہوں اور خطے میں امن و ترقی کو فروغ ملے۔
شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین۔میانمار اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ فریقین کو میانمار کی اقتصادی ترقی وعوامی فلاح میں مدد دینے کے لیے ، کلیدی منصوبوں کی تعمیر کو مستحکم انداز میں آگے بڑھانا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ چین، میانمار کے مختلف فریقوں کی جانب سے مذاکرات کے ذریعے امن اور مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کی حمایت کرتا ہے نیز شمالی میانمار میں طویل مدتی امن و استحکام کے قیام کو میانمار اور اس کے عوام کے بنیادی اور دیرینہ مفادات کے مطابق سمجھتا ہے۔
من آنگ ہلائنگ نے کہا کہ میانمار، ملک کی ترقی، استحکام اور قومی مفاہمت کے لیے چین کی طویل مدتی اور مخلصانہ حمایت کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میانمار ایک چین کے اصول پر ثابت قدمی سے کاربند رہے گا۔میانمار چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے آن لائن جوئے اور ٹیلی کمیونیکیشن فراڈ کے خلاف سخت کارروائی کرے گا اور سرحدی علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنائے گا۔
مذاکرات کے بعد دونوں سربراہان نے ٹرانسپورٹ، عوامی فلاح اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔اس سے قبل عظیم عوامی ہال میں من آنگ ہلائنگ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔