
مقامی وقت کے مطابق پانچ جولائی کو فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب نے تورکو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیرخارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
صدر اسٹب نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال ایک اہم موڑ پر ہے۔ چین نے آج کی دنیا میں قیمتی استحکام پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ چار عالمی اقدامات بین الاقوامی برادری کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ فن لینڈ چین کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے، سبز معیشت، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، کثیرالجہتی تعاون کو گہرا کرنے اور عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کا خواہاں ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ چین دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کی ایک اہم قوت کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔ چین فن لینڈ کے ساتھ مستقبل پر مبنی نئے طرز کے شراکتی تعلقات کو فروغ دینے، دونوں ممالک کے سربراہان کی اسٹریٹجک رہنمائی پر عمل کرنے، تعاون بڑھانے، مواقع سے فائدہ اٹھانے اور مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
دورے کے دوران وانگ ای نے فن لینڈ کی وزیرخارجہ ایلینا والٹونن کے ساتھ بھی بات چیت کی۔
