عالمی تجارتی تنظیم نے 6 سے 8 جولائی تک سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ایک سلسلہ وار اجلاس منعقد کیا۔ چین نے اجلاس سے قبل عالمی تجارتی تنظیم میں "تجارت و سرمایہ کاری کے انضمام کے ذریعے صنعتی ترقی کا فروغ" کے عنوان سے ایک تجویز پیش کی۔
چینی نمائندے نے اجلاس میں کہا کہ یہ تجویز نہ صرف چین کی صنعتی ترقی کے مختلف مراحل کے تجربات کا خلاصہ ہے بلکہ یہ گلوبل ساؤتھ کی ترقیاتی خواہشات کا جواب بھی ہے، جس کا مقصد عالمگیریت کو سب کے لیے فائدہ مند اور جامع بنیادوں پر آگے بڑھانا ہے۔ چین نے تجویز دی کہ آئندہ بحث تین اہم پہلوؤں پر مرکوز ہونی چاہیے جن میں تجارت و سرمایہ کاری کے انضمام کے ذریعے صنعتی ترقی کے عملی تجربات کا تبادلہ، عالمی تجارتی تنظیم کے موجودہ قواعد و ذرائع کا جائزہ اور تجارتی صلاحیت میں مدد سمیت کثیرالجہتی ترقیاتی تعاون کے طریقہ کار کا مؤثر استعمال شامل ہیں۔
کوموروس، بینن، چاڈ، مالی اور گیمبیا نے اجلاس میں چین کی تجویز کی مشترکہ حمایت کا اعلان کیا۔ کم ترقی یافتہ ممالک کے گروپ کے کوآرڈینیٹر گیمبیا نے بھی چینی تجویز کو سراہا ۔یورپی یونین، برطانیہ اور ناروے سمیت دیگر ترقی یافتہ رکن ممالک نے بھی چین کی اس تجویز کو تعمیری قرار دیا۔