• صفحہ اول>>سیاست

    چین اور شمالی کوریا کے صدور کا چین-شمالی کوریا دوستی اور باہمی تعاون کے معاہدے کی 65ویں سالگرہ پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-07-13

    12جولائی 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) 11جولائی کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور چین کے صدر ،شی جن پھنگ نے شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ریاستی امور کمیشن کے چیئرمین، کم جونگ اُن نے چین-شمالی کوریا دوستی اور باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔

    اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ 1961 میں، چین اور شمالی کوریا کی سابقہ قیادت نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم سیاسی اور قانونی بنیاد فراہم کی۔ انہوں رواں سال جون میں اپنے شمالی کوریا کے کامیاب سرکاری دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کے دوران نئے دور میں چین-شمالی کوریا تعلقات کی ترقی کے لیے سٹریٹجک رہنمائی فراہم کی گئی۔ شی جن پھنگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی حالات میں خواہ کتنی ہی تبدیلی کیوں نہ آئے، چین کا دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو اہمیت دینے کا موقف بدستور برقرار ہے۔انہوں نے شمالی کوریا میں سوشلسٹ مقاصد پر عمل در آمد کے لیے اپنی حمایت، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور سازگار سٹریٹجک ماحول برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کم جونگ اُن نے اپنے پیغام میں کہا کہ شمالی کوریا اور چین کے درمیان دوستانہ تعاون پر مبنی تعلقات دونوں جماعتوں اور عوام کا سٹریٹجک انتخاب اور مشترکہ قیمتی اثاثہ ہیں، جو مسلسل ایک نئی بلندی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی پارٹی اور حکومت، دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم پر ثابت قدم ہے۔ کم جونگ اُن نے شی جن پھنگ کے ساتھ مل کر شمالی کوریا -چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور اسے سوشلسٹ ممالک کے درمیان سب سے مضبوط اور سٹریٹجک تعلقات کی ایک مثال بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    زبان