بین الاقوامی معیارات کی تنظیم (ISO) اور بین الاقوامی الیکٹرو ٹیکنیکل کمیشن (IEC) نے حال ہی میں بین الاقوامی معیار "انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسمارٹ شہروں میں ڈیٹا کے استعمال، کے فریم ورک سے متعلق حصہ اول " جاری کر دیا ہے۔ یہ بین الاقوامی معیار پروجیکٹ لیڈر کی حیثیت سے چینی ماہر ین کی نگرانی میں تیار کیا گیا ہے، جس میں جنوبی کوریا، کینیڈا، جاپان، آسٹریلیا، جرمنی، قازقستان، زمبابوے اور میکسیکو سمیت 11 ممالک کے ماہرین نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔یہ اسمارٹ شہروں کے لیے بین الاقوامی معیارات کے شعبے میں چین کی ایک اور نمایاں کامیابی ہے، جو دنیا بھر میں اسمارٹ شہروں کے ڈیٹا کے مؤثر استعمال کے لیے مشترکہ اصول وضع کرنے کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔
اس بین الاقوامی معیار میں پہلی مرتبہ اسمارٹ شہروں میں ڈیٹا کے استعمال کے لیے ایک متحد فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔ اس میں ڈیٹا کی دستیابی، ڈیٹا کی افادیت، ڈیٹا کے استعمال میں آسانی، ڈیٹا کا ذمہ دارانہ استعمال اور ڈیٹا سے حاصل ہونے والی صلاحیت سمیت پانچ بنیادی پہلوؤں کے ذریعے اسمارٹ شہروں میں ڈیٹا کے استعمال کی بنیادی خصوصیات اور اس کے مفہوم کو واضح کیا گیا ہے۔ معیار میں اسمارٹ شہروں میں ڈیٹا کے استعمال کو ایک مربوط نظام کے طور پر دیکھا گیا ہے، جس سے یک طرفہ نقطۂ نظر کی حدود سے آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔اس شعبے میں ایک جامع بین الاقوامی معیار کی کمی کو بھی پورا کیا گیا ہے۔