چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق چین نے بدھ کے روز اپنے نئے انسان بردار قمری لینڈر "لان یوئے" کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے اہم جامع ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیے۔ ایجنسی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ یہ ٹیسٹ شمالی چین کے صوبہ حہ بی کی ٹیسٹ سائٹ پر کیا گیا ۔ بدھ کو مکمل ہونے والا یہ ٹیسٹ چین کے انسان بردار قمری مشن کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو چین کی جانب سے پہلی بار کسی انسان بردار خلائی گاڑی کے غیر ارضی پر لینڈنگ اور ٹیک آف کا عملی مظاہرہ بھی ہے۔
لان یوئے قمری لینڈر چین کے مستقبل کے انسان بردار قمری مشنز کے لیے تیار کردہ ایک نیا خلائی جہاز ہے۔ یہ دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں لینڈنگ ماڈیول اور پروپلشن ماڈیول ، شامل ہیں۔ یہ دو خلابازوں، ایک چاند گاڑی اور مختلف سائنسی آلات کو چاند کے مدار اور سطح کے درمیان منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چاند پر اترنے کے بعد لان یوئے خلابازوں کے لیے ایک قابل رہائش سرگرمی مرکز کے طور پر بھی کام کرے گا، جو بجلی فراہم کرنے، ڈیٹا ریلے اور رہائشی کوارٹر کا مرکز بنے گا، جس سے طویل دورانیے تک چاند پر قیام اور سطحی آپریشنز ممکن ہوں گے۔