• صفحہ اول>>ثقافت و سیاحت

    بائی شان :جہاں  کوہِ چھانگ بائی  کے علاوہ بھی بہت کچھ  ہے

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-01-30

    30جنوری (پیپلز ڈیلی آن لائن)برف سے ڈھکے جنگلات میں سفر کریں، برف کی تہوں کے درمیان بہنے کا لطف اٹھائیں، برف سے ڈھکی تھیان چی جھیل کی خوبصورتی کو دیکھیں اور رات لکڑی کے کیبن میں گزاریں جو روایتی انداز میں گرم کیے گئے کانگ یا گرم اینٹوں کے بستر سے گرم کیا گیا ہو۔ سردیوں میں، چھانگ بائی پہاڑ برف کی ایک طلسماتی کہانیوں میں جینے کا خواب حقیقت بناتا ہے۔

    بائی شان ، چھانگ بائی پہاڑ کے سلسلے کے قلب میں واقع، جِی لین صوبے کا شہر ہے۔ یہ چین کے پریفیکچر سطح کے شہروں میں اول درجے پر آتا ہے کیونکہ جنگلات اس شہر کے 84.6 فیصد رقبے کا احاطہ کرتے ہیں ۔ یہاں، سردیوں کے مناظر خزاں کے دلکش رنگوں کے ساتھ ہم آہنگ ہوتے ہیں، اور یہ موسم میں خوبصورتی کے نئے منظر پیش کرتا ہے ۔

    ماحولیاتی خزانے

    بائی شان میں 10 نیشنل فاریسٹ پارک اور چھ نیشنل نیچر ریزروز ہیں۔ دریائے سونگ ہوا اور دریائے یالو اس علاقے سے بہتے ہوئے گزرتے ہیں، جب کہ 200 سے زیادہ قدرتی معدنی چشموں اور بے شمار پہاڑی ندیوں نے سیراب ہونے والی یہ زمین ، شمال مشرقی چین کا سب سے دلکش "پائیں باغ " کہلاتی ہے۔

    مہم جوئی کے شوقین افراد گان فان پین نیشنل فاریسٹ پارک جا سکتے ہیں، جہاں تہہ در تہہ درجنوں دائرہ نما وادیاں ایک شاندار منظر پیش کرتی ہیں جسے مقامی طور پر " چھوٹے طاس کو گھیرے ہوئے بڑے طاس ، بڑے طاس سے جڑے ہوئے چھوٹےطاس " کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ یہاں آنے والے سیاحوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ پیشہ ور گائیڈز کے بغیر یہاں کی سیر نہ کریں، کیونکہ اس علاقے کا منفرد مقناطیسی میدان نیویگیشن کے آلات میں خلل ڈال سکتا ہے او انہیں راستہ تلاش میں پریشان کن حد تک دشواری ہو سکتی ہے۔

    جو لوگ جنگل کی خوبصورتی کی طرف مائل ہیں، وہ لوشوئی حہ نیشنل فاریسٹ پارک کو منتخب کرسکتے ہیں۔ ایشیا کے سب سے بڑے قدیم کورین پائن جنگل میں چلتے ہوئے، سیاح یہاں کے قدیم بلند درختوں سے بصری اور روحانی سکون پاتے ہیں۔حقیقی معنوں میں ایک منفرد تجربے کے لیے"منرل واٹر رافٹنگ " کو آزما سکتے ہیں۔ سیاح ، شفاف دریاؤں کے ساتھ بہتے ہوئے، جہاں درجہ حرارت سال بھر ایک جیسا رہتا ہے قدیم درختوں کے پرسکون جنگل کی نرم آغوش میں ایک سکون محسوس کرتے ہیں۔

    جنسنگ سے ملاقات

    بائی شان کے غیر معمولی ماحولیاتی نظام نے ایک ایسی پناہ گاہ تشکیل دی ہے جہاں تمام جاندار ایک ساتھ رہتے ہیں۔ یہاں 1,000 سے زائد اقسام کے طبی پودے پھلتے پھولتے ہیں اور فطرت کی روح کو جذب کرتے ہیں۔ ان میں سب سے مشہور جنسنگ ہے، جسے اکثر "جڑی بوٹیوں کا بادشاہ" کہا جاتا ہے۔

    ہر سال چین کی شمسی اصطلاح، سفید شبنم کے موسم میں، مقامی لوگ اپنے گھروں کو واپس آتے ہیں ۔ دور دراز سے سیاح بھی آتے ہیں تاکہ "خزاں کی ملاقات" میں شرکت کریں۔ قدیم "فانگ شان" روایت کے مطابق، شرکا پہاڑوں میں "زمین میں چھپے سونے" کی تلاش میں نکلتے ہیں۔

    پہاڑوں سے واپس آنے کے بعد، فوسونگ کاؤنٹی کے وان لیانگ شہر کا دورہ کرنا لازمی ہے۔ یہاں، چین میں جنسنگ کی واحد قومی سطح کی پیشہ ور مارکیٹ ہے۔ بھیڑ بھاڑ میں، ہوا جنسنگ کی خوشبو سے معطر ہہوتی ہے۔ قیمتی جنگلی جنسنگ سے لے کر زیادہ سستی کاشت شدہ اقسام تک، تقریباً ہر چیز یہاں دستیاب ہے۔ چین کی جنسنگ کا تقریبا ۸۰ فیصد کاروبار اسی مارکیٹ میں ہوتا ہے۔

    مزید گہرے تجربے کے لیے، جنسنگ کی دعوت کا لطف اٹھائیں اور اس حکمت کا مزہ لیں کہ "ادویہ اور خوراک کا ماخذ ایک ہی ہے ۔"

    اس کا خاصہ "جنسنگ چکن سوپ" ہے۔ ایک دیسی مرغی کو پورے بائی شان جنسنگ کی جڑ سے بھرا جاتا ہے، پھر اسے لیس دار چاول، سرخ کھجوریں، اور گوجی بیریوں کے ساتھ پہاڑی چشمے کے قدرتی پانی میں دھیمی آنچ پر پکایا جاتا ہے۔ کئی گھنٹے پکنے کے بعد ، سنہری رنگت والا خوشبودار شوربہ تیار ہو جاتا ہے۔

    جنسنگ ڈمپلنگز کا ایک نوالہ منہ میں نرم جڑی بوٹیوں کا ذائقہ بھردیتا ہے، جبکہ جنسنگ مشروب کا ایک گھونٹ، بھرپور اختتامی ذائقہ فراہم کرتا ہے۔ دونوں مل کر بیئشان کی مہمان نوازی کا سب سے گرم اظہار بناتے ہیں۔

    سرحدی علاقے کی زندگی

    چین کے سب سے خوبصورت سرحدی راستوں میں سے ایک نیشنل ہائی وے 331 پر سفر کرتے ہوئے مسافر ،ایک طرف وسیع پہاڑی سلسلوں اور لہراتے جنگلات میں سے گزرتے ہیں، جب کہ دوسری طرف دریائے یالو کی بل کھاتی لہروں کو دیکھتے ہیں۔

    راستے کے ساتھ چھانگ بائی کورین خود اختیار کاونٹی واقع ہے، جو چین میں کورین قومیتی گروہ کی واحد خود اختیار کاونٹی ہے ۔ اس کے گاؤں میں چہل قدمی کرتے ہوئے سیاح ، ہوا میں سویا بین پیسٹ سوپ کی خوشبو اور چھتوں سے لٹکی ہوئی سرخ مرچوں کی لڑیوں سے ماحول کی انفرادیت اور سادگی محسوس کرسکتے ہیں۔

    گہرے جنگل میں چھپا ہوا، لکڑی کے گھروں کا گاؤں جن جیانگ ، چھانگ بائی پہاڑی علاقے میں سب سے بہتر طور پر محفوظ اور لکڑی کے گھروں کا سب سے بڑا علاقہ ہے۔ اس گاوں کے گھر میں داخل ہوں، گرم کانگ پر بیٹھیں، مقامی کھانوں کا لطف اٹھائیں اور بزرگوں کی باتیں سنیں جو "پہاڑ کے ساتھ جینا اور پہاڑ سے فائدہ اٹھانا" کا قدیم فلسفہ بیان کرتے ہیں۔

    تو پھر انتظار کس بات کا ہے؟ کسی بھی موسم میں بائی شان آئیے اور قدرت کی لطافت کو محسوس کیجیے۔

    ویڈیوز

    زبان