
13 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چائنا ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کے ما تحت ادارے، چائنیز اکیڈمی آف ایرو سپیس ایروڈائنامکس کے مطابق، بدھ کے روز چین میں تیار ہونے والے ایک چھوٹے اور درمیانے سائز کے شمسی ڈرون نے اپنی پہلی پرواز کی۔
یہ ڈرون تجارتی معیار کا مکمل برقی طیارہ ہے اور اس کی توانائی کا واحد ذریعہ سورج ہے۔ 3.2 میٹر لمبے اس ایئر کرافٹ کے پروں کا پھیلاؤ 8 میٹر اور ڈیزائن کے مطابق پرواز کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 30 گھنٹے ہے۔
اس ڈرون کو تیار کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ اسے ماحول دوست اور توانائی کی بچت کرنے والا ایئر کرافٹ بنانے کے ساتھ ساتھ، کم خرچ اور تیزی سے بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ طویل پرواز، تیز تعیناتی اور آسان مرمت و معاونت اس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
ڈویلپرز کے مطابق یہ طیارہ چین کی تجارتی مارکیٹ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کم بلندی والے ایسے مکمل برقی طیاروں کی کمی پوری کرتا ہے جو دیر تک پرواز کر سکیں، کم لاگت ہوں اور بڑے علاقوں میں کام سرانجام دے سکیں۔
اس ڈرون کو، اسے طویل فاصلے کی پائپ لائنز اور بڑے آبی وسائل کے بنیادی ڈھانچے کی جانچ، زمین اور قدرتی وسائل کے سروے، آفت زدہ علاقوں کے فوری معائنے اور وسیع پیمانے پر نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔



