• صفحہ اول>>ثقافت و سیاحت

    چین کے 590 سال پرانے اچار ڈالنے والوں کو مزید وسیع منڈی مل گئی

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-11-16

    12 نومبر 2026۔ بیجنگ میں ،لیو بی جو سٹور کی مخصوص اور منفرد ذائقوں والی آئس کریمز۔ (شنہوا۔ جو حوان زونگ)

    12 نومبر 2026۔ بیجنگ میں ،لیو بی جو سٹور کی مخصوص اور منفرد ذائقوں والی آئس کریمز۔ (شنہوا۔ جو حوان زونگ)

    16 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)بیجنگ کے لوگ کئی پشتوں سے، ہاٹ پاٹ کے ساتھ لیو بی جو کا میٹھا اچار والا لہسن اور مخصوص بھنی ہوئی بطخ کے ساتھ سویا بین کی میٹھی چٹنی استعمال کرتے رہے ہیں۔ اب اس کمپنی کے قدیم چھیان مین سٹور میں آنے والے خریداروں کو مونگ پھلی اور تل کے پیسٹ سے بنی آئس کریم، سرکے کی سلشز اور روایتی چینی مسالوں سے ذائقہ دار تازہ پیسٹریز بھی ملتی ہیں۔

    چند سال قبل لیو بی جو میں اس نوعیت کی کوئی بھی نئی پیشکش لے کر آنا ناقابلِ تصور تھا۔ اس وقت 590 برس پرانی یہ کمپنی مالی طور پر سنبھلنے کی کوشش کر رہی تھی۔ 2021 میں 15 ملین یوآن (تقریباً 2.23 ملین امریکی ڈالر) سے زیادہ کا نقصان اٹھانے کے بعد ادارہ دوبارہ منافع بخش بن گیا اور 2025 میں اس کی آمدنی 26 ملین یوآن سے تجاوز کر گئی، جو کئی دہائیوں کی بلند ترین کارکردگی تھی۔ اس بحالی میں مصنوعات، فروخت کے چینلز اور انتظامیہ کی ازسرِنو تشکیل نے اہم کردار ادا کیا۔

    لیو بی جو کی کہانی سے اندازہ ہوتا ہے کہ چین کے روایتی برینڈ صارفین کے بدلتے ہوئے رجحانات کا جواب کیسے دے رہے ہیں۔ قومی ادارۂ شماریات کے مطابق، 2026 کے ابتدائی نو ماہ میں صارفین کی اشیا کی مجموعی خردہ فروخت 1.1 فیصد بڑھی، جب کہ کھانے پینے کی اشیا کی آن لائن فروخت میں 15.8 فیصد اضافہ ہوا۔

    1436 میں قائم لیو بی جو کی کشش طویل عرصے تک اس کے اچار اور چٹنیوں کی بنیاد پر قائم رہی۔ یہ اشیا بیجنگ کے کھانوں کی پہچان ہیں تاہم یہ چین کے دیگر حصوں میں اتنی معروف نہیں ہیں نیز ان کی پیداوار نے بھی کاروبار کی توسیع کو محدود کیا۔ بیجنگ کے جنوبی علاقے میں قائم کمپنی کے کارخانے میں زمین میں قطاروں میں رکھے گئے مٹی کے 2,000 سے زیادہ برتنوں میں اچار بنانے والے ، لکڑی کے کرچھوں سے سبزیوں اور چٹنیوں کو ملاتے ہیں؛ ہر کھیپ کا وزن کم از کم 50 کلوگرام ہوتا ہے۔ کمپنی کے اچار والے میٹھے لہسن کو تقریباً 150 دن تک خمیر کیا جاتا ہے اور اس دوران کارکن ان بند مرتبانوں کو ہاتھ سے لڑھکاتے ہیں۔ یہ محنت طلب طریقۂ کار لیو بی جو کے مخصوص ذائقے کو قائم رکھنے میں معاون تو ہیں، لیکن کم وقت میں پیداوار بڑھانا مشکل بنا دیتے ہیں۔

    11 مارچ 2026۔ لیو بی جو کے کارخانے میں عملہ، اچار بنانے کے دوران لکڑی کے کرچھوں سے سبزیوں اور چٹنیوں کو ملا رہے ہیں۔ (شنہوا۔ جانگ شیاو)

    11 مارچ 2026۔ لیو بی جو کے کارخانے میں عملہ، اچار بنانے کے دوران لکڑی کے کرچھوں سے سبزیوں اور چٹنیوں کو ملا رہے ہیں۔ (شنہوا۔ جانگ شیاو)

    2020 میں، یو جیانگ فو نے لیو بی جو میں مارکیٹنگ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا تو کمپنی کا بنیادی کاروبار برسوں سے نقصان میں جا رہا تھا اور کرایوں کی آمدن سے اس خسارے کا کچھ بوجھ کم کیا جاتا تھا۔ نوجوان صارفین کو یہ تو معلوم تھا کہ لیو بی جو اچار بناتی اور فروخت کرتی ہے، مگر اچار کی مختلف اقسام سے وہ ناواقف تھے۔ فروخت کو سہارا دینے کے لیے کمپنی نے مصنوعات بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور ان کی تعداد 900 سے بھی زیادہ ہو گئی، لیکن منافع پھر بھی نہ بڑھ سکا۔

    لیو بی جو کے موجودہ جنرل منیجر یو نے بتایا کہ اس وقت کمپنی کے سامنے ایک ہی سوال تھا: "کیا یہ قدیم برینڈ باقی بھی رہ پائے گی؟" ان کی ٹیم نے مصنوعات، جو ایک مرحلے پر 900 سے زیادہ تھی، اس کو سمیٹ کر 300سے کم کر دیا۔ اچار، سویابین کے پیسٹ اور چاول کے سرکے جیسی روایتی مقبول اشیا برقرار رہیں، جب کہ نئی مصنوعات سوچ سمجھ کر شامل کی گئیں۔

    یو کا تعلق مشرقی چین کے ساحلی صوبے فوجیان سے ہے۔ ان کے مطابق جنوبی منڈیوں میں شمالی چین کے روایتی اچار کے لیے زیادہ گنجائش نہیں تھی، کیونکہ وہاں کے لوگوں کے ذوق الگ تھے۔ تاہم، روزمرہ کے متعدد کھانوں میں استعمال ہونے والی ایک چٹنی انہیں بہتر انتخاب دکھائی دی۔

    روایتی بیجنگ ڈِپنگ ساس اربا جیانگ، لیو بی جو کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ تل اور مونگ پھلی کا یہ پیسٹ، خالص تل کے پیسٹ کے مقابلے میں آسانی سے حل ہو جاتا ہے اور اس کا ذائقہ زیادہ میٹھا، گری دار ہوتا ہے۔ یہ ہاٹ پاٹ، نوڈلز اور ٹھنڈے پکوانوں کے لیے موزوں ہے۔ 2021 کے اواخر میں لیو بی جو نے سپرمارکیٹ چین فریشپپو کے اشتراک سے اس چٹنی کو ریٹیل مارکیٹ کے نئے صارفین تک پہنچایا۔

    اچار بنانے والا یہ قدیم ادارہ بعد میں ایک اور برینڈ کے ساتھ تل کے پیسٹ والے ویفر بسکٹ بنانے لگا۔ ایک اور منصوبے میں، سنیکس بنانے والی ایک کمپنی کے ساتھ لیو بی جو نے، تل کے ذائقے والے سبزی کھانے والوں کے سنیک کی ترکیب اور ساخت بہتر بنانے میں کردار ادا کیا اور اس نے صرف اجزا فراہم کرنے کی بجائے مصنوعات کی تیاری میں براہِ راست شمولیت پر اصرار کیا۔ اس کی پیکنگ پر واضح انداز میں بتایا گیا ہے کہ تل کا پیسٹ لیو بی جو کا ہے۔

    اشتراک کے ان منصوبوں نے، کمپنی کے روایتی ذائقوں کو چٹنی اور مسالہ جات سے آگے پھیلا دیا۔ لیو بی جو نے 25 فیصد کم نمک والے تیار اچار اور تلی ہوئی سویابین پیسٹ کی چٹنی کے ساتھ انسٹینٹ نوڈلز بھی متعارف کروائے۔ آن لائن فروخت کے لیے بعض مصنوعات کو جراثیم کشی کے ایک ہلکے سے عمل سے گزارا گیا، جس سے ان کی مدتِ استعمال بڑھی اور انہیں محفوظ رکھنا اور ان کی ترسیل آسان ہوئی۔

    2025 تک لیو بی جو کی ای کامرس سے حاصل ہونے والی آمدن 100 ملین یوآن سے اوپر پہنچ چکی تھی، جب کہ بیجنگ میں اس کے اسٹورز کی تعداد 10 سے بڑھ کر 30 سے زائد ہو چکی تھی۔ بیرونِ ملک کاروبار بڑھانے کے لیے کمپنی اُن علاقوں کو ہدف بنا رہی ہے جہاں چینی آبادی زیادہ ہو اور پہلے سے ہی ، تلوں کے پیسٹ کی طلب مستحکم ہو۔

    12 نومبر 2026۔ بیجنگ میں لیو بی جو کے سٹور میں ، عملہ مختلف مصنوعات کو ترتیب دے رہا ہے۔ (شنہوا۔ جو حوان زونگ)

    12 نومبر 2026۔ بیجنگ میں لیو بی جو کے سٹور میں ، عملہ مختلف مصنوعات کو ترتیب دے رہا ہے۔ (شنہوا۔ جو حوان زونگ)

    لیو بی جو نے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کرتے ہوئے لاگت پر قابو پانے، انفرادی کارکردگی جانچنے اور مقررہ منافع سے زیادہ آمدن میں سے فروخت کی بہترین ٹیمز کو انعام دینے کے اقدامات کیے۔ اس کی سرپرست کمپنی، بیجنگ کیپٹل ایگری بزنس اینڈ فوڈز گروپ نے تحقیق و برینڈ سازی کے لیے اضافی فنڈ فراہم کیا۔

    لیو بی جو کی اچار ڈالنے کی روایات کے قومی سطح پر تسلیم شدہ وارث، 69 سالہ یانگ یِن شی کا کہنا ہے کہ ہاتھ سے بنے اچار اور مشینی لائن کے اچار ایک جیسے نہیں۔ مشینیں آسانی پیدا کرتی ہیں، لیکن انسانی ہاتھ کا لمس ان کی جگہ نہیں لے سکتا۔

    ویڈیوز

    زبان