
18 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) شین زن میں، اپیک اکنامک لیڈرز ویک 2026 کے پریس سینٹر میں ایک بڑی سکرین پر تقریب میں مہیا کی جانے والی سبز بجلی اور اس کے باعث بچنے والے کاربن اخراج کا رئیل ٹائم ڈیٹا دکھایا جا رہا ہے۔
تقریب کے دوران اہم مقامات، آمدورفت کے مراکز اور استقبالیہ سہولیات کے لیے سو فیصد سبز بجلی استعمال کی جا رہی ہے۔ اس کا کچھ حصہ جنوبی چین کے صوبے گوانگ دونگ کے آف شور ونڈ فارمز سے آتا ہے جب کہ دیگر ذرائع میں شمال مغربی چین کے صحرائے گوبی اور بنجر خطوں میں موجود ہوا اور شمسی توانائی کے مراکز شامل ہیں۔
2026 کے ایپیک "چائنا ایئر" کے اختتام کے قریب آتے ہی، توانائی کے شعبے میں تعاون اس کی سب سے نمایاں عملی کامیابیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ، عالمی جی ڈی پی کا 60 فیصد سے زائد اور دنیا بھر میں توانائی کی طلب کا تقریباً 60 فیصد ایپیک معیشتوں سے تعلق رکھتا ہے، جس کے باعث یہ خطہ عالمی توانائی کے نظام میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
شین زن، میزبان شہر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بڑا اختراعی مرکز بھی ہے اور یہاں "ایشیا -پیسیفک انرجی کمیونٹی" کے بارے میں چین کے تصور کی ایک واضح جھلک نظر آتی ہے۔ اس تصور کو پہلی مرتبہ ستمبر کے مہینے میں بیجنگ میں، ایپیک کے 16ویں وزارتی اجلاس برائے توانائی کے مشترکہ اعلامیے کے ذریعے باقاعدہ طور پر بیان کیا گیا تھا۔ شہر کے کم کاربن مقامات اور روزمرہ بچت کے طریقے اس تصور کو سمجھنے کے لیے واضح مثالیں فراہم کرتے ہیں۔
شین زن کی ڈسٹرکٹ نان شان میں، کچرے کو تلف کرنے کے مرکز میں شہر کا تمام کچرا بجلی میں ڈھالا جاتا ہے۔ یہ مرکز روزانہ تقریباً 2,300 ٹن کچرا تلف کرتا ہے، جو شہر کے روزانہ کے کچرے کا تقریباً آٹھواں حصہ بنتا ہے۔ اس سے حاصل کردہ حرارت کو استعمال میں لا کر یومیہ تقریباً 14 لاکھ کلوواٹ گھنٹے صاف بجلی پیدا کی جاتی ہے۔
اب "شین زن سلوشن" کو ایشیا پیسیفک کی دوسری معیشتوں میں بھی اپنایا جا رہا ہے، جن میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا شامل ہیں۔ نان شان انرجی ایکولوجیکل پارک کے تکنیکی سربراہ وانگ کھائی کے مطابق، چینی ماہرین نے مقامی ضروریات کے تحت ٹیکنالوجی میں تبدیلیاں کی ہیں، جلانے سے حاصل ہونے والے باقی ماندہ مواد کو ری سائیکل کرکے تعمیراتی اینٹیں بنائی جا رہی ہیں۔
کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے ساتھ ساتھ، شین زن میں تیار ہونے والی نئی توانائی کی گاڑیاں بھی برقی نقل و حمل کو عالمی سطح پر فروغ دے رہی ہیں جن میں بی وائی ڈی کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
مزید یہ کہ چینی ادارے خطے کے دیگر ممالک میں توانائی کی بچت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بھی شامل ہیں۔ گوانگ دونگ کی کمپنی چائنا سدرن پاور گرڈ ،چلی میں ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ پاور ٹرانسمیشن منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ صحرائے اٹاکاما کی صاف ہوا اور شمسی بجلی کو بڑی کھپت والے مراکز تک پہنچانے اور قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار اور اس کے استعمال میں موجود فرق کو کم کرنے میں معاون ہوگا۔
نان کھائی یونیورسٹی کے ایپیک ریسرچ سینٹر کے ایسوسی ایٹ محقق جانگ جنگ جیا کا کہنا ہے کہ ایشیا-پیسیفک انرجی کمیونٹی، بجلی کے گرڈز، قابلِ تجدید توانائی کے ترسیلی سلسلے اور توانائی کے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظاموں کے مابین باہمی رابطے کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
تعاون پر مبنی اقدامات کے علاوہ، صاف توانائی کی صنعت میں چین کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت سبز ٹیکنالوجی کو سستا کرنے اور اسے دنیا بھر میں زیادہ قابلِ رسائی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انترنیشنل رینیو ایبل انرجی ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ دس برس میں ہوا اور شمسی توانائی کی عالمی لاگت میں بالترتیب 60 فیصد اور 80 فیصد سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔ اس پیش رفت میں چین کی اختراع، صنعتی پیداوار اور انجینئرنگ کی کاوشوں کا نمایاں حصہ ہے۔
صاف توانائی کی عالمی ترقی میں چین کا بڑھتا ہوا حصہ اس کے اپنے توانائی نظام میں تیز رفتار تبدیلی سے جڑا ہے۔ جولائی 2026 میں ملک کی شمسی بجلی کی تنصیبی صلاحیت پہلی بار کوئلے پر مبنی بجلی کی صلاحیت سے زائد ہو گئی، جس کے نتیجے میں تنصیبی گنجائش کے لحاظ سے شمسی توانائی چین میں بجلی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئی۔
چین کی نیشنل انرجی ایڈ منسٹریشن کے نائب سربراہ وانگ جیان بو کا کہنا ہے کہ چین، تمام معیشتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ اتفاقِ رائے کو ٹھوس اقدامات میں بدلنے، اپنے تجربے کو تعاون میں ڈھالنے اور ایک جامع، اختراعی اور ہم آہنگی کی حامل ایشیا-پیسیفک انرجی کمیونٹی کی مشترکہ تعمیر کے لیے تیار ہے۔



