6 مئی2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن )چین نے گزشتہ 20 سالوں میں 903 قومی ویٹ لینڈ پارکس قائم کیے ہیں۔ حالیہ دنوں مشرقی چین کے صوبے جی جیانگ کے شہر ہانگ زو میں منعقدہ انٹرنیشنل ویٹ لینڈ پروٹیکشن سیمینار میں بتایا گیا کہ ان پارکس نے 2.4 ملین ہیکٹر ویٹ لینڈز کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔یہ زمینیں اہم قومی جنگلی حیات کی مختلف انواع و اقسام کے لیے مناسب تعداد میں رہائش گاہیں فراہم کرتی ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے، نیشنل فاریسٹری اینڈ گراس لینڈ ایڈمنسٹریشن (NFGA) کے نائب سربراہ، یان ژین نے کہا کہ چین طویل عرصے سے ویٹ لینڈ کے تحفظ کو ترجیح دیتا آرہا ہے اور اس مقصد کے لیے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔
اب تک چین میں ویٹ لینڈ کا کل رقبہ 56.35 ملین ہیکٹر ہے۔ NFGA کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب بین الاقوامی اہمیت کے حامل 82 قابل فخر آبی ذخائر ہیں اور یہ دنیا میں اعلیٰ درجہ بندی میں شامل ہیں۔دریں اثنا، ماحولیاتی تحفظ اور بحالی کو بھی تقویت ملی ہے، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ویٹ لینڈ کنزرویشن پلان کی بدولت 3 لاکھ ہیکٹر ویٹ لینڈز کو بحال کیا گیا ہے۔
یان ژین کے مطابق ، اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے ایک حصے کے طور پر، چین نے انٹرنیشنل مینگروو سینٹر قائم کیا ہے، جو عالمی سطح پر ویٹ لینڈز کے تحفظ کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ اگلے مرحلے کے لیے، NFGA کا منصوبہ ہے کہ دریائےیانگسی اور دریائے زرد کے طاس سمیت اہم علاقوں میں بڑے منصوبوں کے ساتھ، ویٹ لینڈز کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کو مجموعی طور پر مضبوط کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ NFGA کےحکام بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے اور ویٹ لینڈز کے تحفظ کے لیے تعاون و تبادلے پر بھی کام کریں گے اور عالمی ماحولیاتی نظم و نسق میں مستعدی کے ساتھ حصہ لیں گے۔