چائنا کسٹمز کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 7 ماہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کو چین کی درآمدات اور برآمدات 2.11 ٹریلین یوآن رہیں جو سال بہ سال 3 فیصد کا اضافہ ہے اور یہ تاریخ کی اسی مدت میں ریکارڈ بلندی ہے۔ جولائی کے مہینے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کو چین کی درآمدات اور برآمدات 8.5 فیصد کے اضافے کے ساتھ 326.05 ارب یوآن تک پہنچ گئیں۔ ان میں برآمدات 219.04 ارب یوآن رہیں جو 6.8 فیصد کا اضافہ تھا اور درآمدات 107.01 بلین یوآن رہیں جو 12.3 فیصد کا اضافہ تھا۔ چائنا جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے ترجمان لو ڈالیانگ کا کہنا تھا کہ 2001 میں ایس سی او کے قیام کے آغاز میں چین کی ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کو درآمدات اور برآمدات 100 ارب یوآن تھیں اور 2024 میں یہ 30 گنا سے زائد اضافے کے ساتھ 3.65 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی ہیں۔ اس سال کے پہلے سات ماہ میں چین نے زمینی اور فضائی ذرائع سے ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کو 677.4 ارب یوآن اور 251.01 ارب یوآن کی اشیاء درآمد اور برآمد کیں، جو بالترتیب 7.4 فیصد اور 44.6 فیصدکا اضافہ ہے۔