3نومبر(پیپلز ڈیلی آن لائن)چائنا -آسیان فری ٹریڈ ایریا (ایف ٹی اے) 3.0 اپ گریڈ پروٹوکول پر کیے گئے دستخط ، کثیرالجہت اور آزاد تجارت کے لیے چین اور آسیان کے مشترکہ عزم، نیز مشترکہ ترقی کے لیے باہمی جیت پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہیں۔یہ اپ گریڈ چین-آسیان فری ٹریڈ ایریا کے ارتقاء کا تازہ مرحلہ ہے، جو 2002 میں شروع ہوا اور 2010 میں ورژن 1.0 کے طور پر نافذ کیا گیا، جس میں دونوں طرف سے 90 فیصد سے زیادہ مصنوعات پر ٹیرف ختم کیے گئے۔ یہ چین اور آسیان دونوں کا دیگر ممالک کے ساتھ پہلا فری ٹریڈ ایریا تھا ۔ ورژن 2.0 کے اپ گریڈ کا مقصد سروسز اور سرمایہ کاری میں تجارت کو بڑھانا تھا یہ 2019 میں نافذ ہوا۔ ورژن 3.0 کو اپ گریڈ کرنے کے لیے نومبر 2022 میں مذاکرات کا آغاز ہوا جو کہ مئی 2025 میں اختتام پذیر ہوئے۔
ورژن 3.0 اپ گریڈ ،دو طرفہ تعاون کو سبز معیشت، ڈیجیٹل معیشت اور سپلائی چین سے منسلک کرنے نیز معیاری و تکنیکی ضوابط جیسے شعبوں میں وسعت دیتا ہے، تاکہ ایف ٹی اے کو شمولیت ، جدت، جامعیت اور باہمی مفاد کا حامل بنایا جا سکے ۔ یہ اپ گریڈ دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو نمایاں طور پر فروغ دے گا، تعاون کے نئے امکانات کھولے گا اور علاقائی اقتصادی انضمام کو آگے بڑھائے گا۔
تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنا اس خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ چین مسلسل 16 سالوں سے آسیان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے اور آسیان پانچ سالوں سے چین کا بہترین تجارتی شراکت دار ہے۔ اس سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں، دو طرفہ تجارت 5.57 ٹریلین یوان (تقریباً 786 بلین امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 9.6 فیصد کا اضافہ ہے اور چین کی کل غیر ملکی تجارت کا 16.6 فیصد ہے۔ جولائی 2025 کے آخر تک، چین اور آسیان کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری 450 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
چائنا-آسیان FTA 3.0 دونوں طرف کے اس مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ مشترکہ طور پر ایک کھلی ، جامع، اصولوں پر مبنی مربوط علاقائی مارکیٹ قائم کی جائے گی اور ایک باہمی علاقائی مفادات پر مشتمل ، مضبوط پیداواری و سپلائی چین سسٹم تشکیل دیا جائے گا ۔ یہ دونوں چین اور آسیان سمیت دنیا بھر کے کاروباروں کے لیے متعدد منڈیاں کھولے گا اور صنعتی تعاون کے مواقع پیدا کرے گا نیز علاقائی اور عالمی اقتصادی ترقی میں مضبوط اعتماد اور تحریک فراہم کرے گا۔
اپ گریڈ پروٹوکول شریک ممالک کے عوام کو زیادہ فائدے مہیا کرنے کے لیے پر اعتماد ہے اور مشترکہ مستقبل کی حامل چائنا -آسیان کمیونٹی کی تشکیل میں بے حد مددگار ثابت ہوگا ۔



