
یکم نومبر 2025۔ مصر کے شہر الجیزہ میں عظیم الشان مصری میوزیم GEM کی افتتاحی تقریب میں فنکار پرفارمنس پیش کر رہے ہیں۔ اس گرینڈ میوزیم کی تعمیر میں 20 سال لگے اور یکم نومبر کو مصر نے GEM کا افتتاح کیا جو کہ دنیا میں صرف ایک تہذیب کی نمائش کے لیے وقف سب سے بڑا میوزیم ہے ۔ یہ تقریب مصر کے شاندار ثقافتی ورثے کی پہچان ، اہرام مصر اور ابولہول کے مجسمے کے قریب منعقد ہوئی (شنہوا)
6نومبر(پیپلز ڈیلی آن لائن)مصر کے عظیم مصری میوزیم (GEM) کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا ہے۔ سیاحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مصر کے ثقافتی منظرنامے کو ایک نئی کشش دینے والے اس میوزیم سے مصر کی سیاحتی صنعت میں ترقی اور معیشت میں نئی جان پڑنے کی امید ہے۔
بالائی مصر میں ثقافتی سیاحت کی مارکیٹنگ کمیٹی کے سربراہ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ GEM کا آغاز نہ صرف ایک ثقافتی سنگ میل ہے بلکہ ثقافتی سیاحت کو دوبارہ زندہ کرنے کا ایک محرک بھی ہے، جو سیاحوں کی یہاں آمداور قیام کی مدت کو بڑھانے کا موجب ہوگا اور اس سے آنے والے برسوں میں سالانہ 30 ملین سیاحوں کے مصر آنے کا ہدف پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔
مصر کا یہ گرینڈ میوزیم الجیزہ پلیٹو پر واقع ہے، جو اہرام مصر اور ابوالہول کے مجسمے سے صرف 2 کلومیٹر دور ہے اور تقریباً 500,000 مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے،یہ دنیا میں صرف ایک تہذیب کی نمائش کے لیے وقف سب سے بڑا میوزیم ہے ۔
گرینڈ میوزیم کی تعمیر دو دہائیوں پر محیط ہے ۔ یکم نومبر کو اربوں ڈالر کے اس کمپلیکس کا باضابطہ افتتاح کیا گیا ، افتتاحی تقریب میں مختلف ریاستوں اور حکومتوں کے سربراہان سمیت درجنوں بین الاقوامی وفود نے شرکت کی۔

یکم نومبر 2025 ۔ عظیم مصری میوزیم (GEM) کی افتتاحی تقریب کے دوران پیش کیا گیا ڈرون اور لائٹ شو ہے۔ (شنہوا/احمد گوما)
گرینڈ میوزیم میں ہزاروں سال پرانی مصر ی تاریخ کی عکاسی کرتی ہوئی 100,000 سے زائد نوادرات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں ، جن میں بادشاہ رمسس دوم کا 3,200 سال پرانا 12 میٹر اونچامجسمہ بھی شامل ہے۔ میوزیم کا جدید ڈیزائن اہرام مصر کے قریب واقع ہے اور یہ قدیم دنیا کے آخری زندہ معجزے سے منسلک ہونے کی علامت ہے۔
محمد عثمان کا کہنا ہے کہ پہلی بار، ٹور آپریٹرز ایسے پروگرام تیار کر رہے ہیں جو صرف میوزیم پر مشتمل ہیں ،ان میں ایک ہفتے کے ٹور صرف اس کے خزانے کی دریافت کے ہیں ،اس سے سیاحت کے شعبے پر GEM کے اقتصادی اثرات کی عکاسی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میوزیم نے پہلے ہی الجیزہ میں کاروبار اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، جس سے براہ راست اور بالواسطہ طور پر روزگار کے کئی ہزار مواقعے پیدا ہوئے ہیں۔ یہ سیاحوں کو لکسر اور اسوان کی طرف سفر کرنے کی جانب بھی مائل کرتا ہے تاکہ وہ ان مقامات کو بھی دیکھ سکیں جہاں سے اس نمائش میں رکھے گئے بہت سے نوادرات دریافت ہوئے تھے۔

21 فروری 2024 ۔ مصر کے اسوان میں واقع ابو سمبل کا بڑا، روشن معبد ۔ (شنہوا/سوی شیانکھائی)
ترسیلات زر، نہر سوئز کی آمدنی اور برآمدات کے علاہ سیاحت، مصر کے غیر ملکی زرمبادلہ کے اہم ذرائع میں سے ایک ہے اور یہ شعبہ علاقائی عدم استحکام کے باوجود بحال رہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں سیاحت کی آمدن 15.3 بلین امریکی ڈالر تھی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے، جبکہ سیاحوں کی آمد میں 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور یہ تعداد 15.7 ملین تک پہنچ گئی۔ حکومت کا ہدف 2025 میں تقریباً 18 ملین سیاحوں کو مصر کی سیاحت کے لیے مائل کرنا ہے ۔
افتتاحی تقریب میں، مصر کے وزیر سیاحت و آثار قدیمہ شریف فتحی نے کہا کہ GEM میں یومیہ تقریباً 15,000 سیاحوں یا سالانہ تقریباً 5 ملین سیاحوں کی آمد متوقع ہے اور مستقبل میں یہ سیاحت کی ترقی کا ایک بڑا محرک ہو گا۔
میوزیم میں مرکز نگاہ ، نوعمر بادشاہ توتن عنخ آمون کا 5,992 نوادرات پر مشتمل مکمل مجموعہ ہے، جن میں اس کا مشہور سونے کا نقاب، سونے کے تابوت، شاہی رتھ اور دیگر قیمتی نوادرات شامل ہیں جو کہ 1922 میں اس کے مقبرے کی دریافت کے بعد پہلی بار، ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
سابق وزیر سیاحت اور آثار قدیمہ کے معاون وزیر عبد الفتاح العاسی کا کہنا ہے کہ GEM مصر کو عالمی سیاحت میں ایک مضبوط مسابقتی برتری فراہم کرے گا۔افتتاح سے پہلے کی جانے والی بین الاقوامی تشہیر نے ٹور آپریٹرز اور مسافروں میں پہلے ہی اس کے حوالے سے نئی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔

12 جون 2025 ۔ سیاح الجیزہ کے GEM کے تجرباتی دور میں میوزیم کا دورہ کررہے ہیں۔ (شنہوا /احمد گوما)
عبد الفتاح العاسی نے نشاندہی کی کہ میوزیم کی اہرام مصر کے قریب موجودگی اور بڑے انفراسٹرکچر کی بہتری مثلاً نئے ہائی ویز، ہوٹل اور سپنکس بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر، سفر اور رہائش کو بہت آسان بنا دے گی۔ یہ ٹور آپریٹرز کو قاہرہ کے دورے کے ساتھ ساتھ حُرغادہ اور شرم الشیخ جیسے مقامات کے لیے ریزورٹ پیکجز پیش کرنے کے مواقع بھی دے گا۔ ان کا کہناتھا کہ GEM مصر کی سیاحت کے نقشے کو ازسر نو تشکیل دے گا اور اس کا گہرا مثبت اثر ملک کی معیشت اور سیاحتی صنعت اور پر مرتب ہوگا۔



