
مقامی وقت کے مطابق 3 جنوری کو وینزویلا کی حکومت نے کہا کہ صدر مادورو نے ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن کے اوائل میں وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں دھماکوں کی آوازیں اور اس کے بعد فضائی حملے کے سائرن کی آوازیں سنائی دیں۔ وینزویلا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں امریکی حکومت کی جانب سے وینزویلا کی سرزمین اور عوام کے خلاف کی گئی انتہائی سنگین فوجی جارحیت کی سختی سے مذمت کی گئی ۔ بیان کے مطابق، وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کے شہری اور فوجی علاقوں کے ساتھ ساتھ مرانڈا، اراگوا اور لا گوائرا کی ریاستوں کو نشانہ بنایاگیا۔ وینزویلا کی باخبر شخصیات کا کہنا ہے کہ وینزویلا پر امریکی بمباری کا تازہ ترین راؤنڈ ختم ہو گیا ہے، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ بمباری کے اہداف میں وینزویلا کے فوجی ہوائی اڈے، وزارت دفاع اور بندرگاہیں شامل تھیں۔اسی روز امریکی حکام نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں فوجی تنصیبات سمیت دیگر اہداف پر حملوں کا حکم دیا ہے۔



