• صفحہ اول>>دنیا

    صدر پاکستان آصف علی زرداری کی کابل دھماکے کی شدید مذمت، چینی شہریوں سے یکجہتی کا اظہار

    (CRI)2026-01-20

    صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کابل میں ایک چینی ریسٹورنٹ پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ ایک چینی شہری زخمی اور ایک کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔انہوں نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی۔ آصف علی زرداری نے زخمی افراد اور ان کے اہل خانہ سے بھرپور ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔

    صدر زرداری نے ان چینی شہریوں کے عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا جو بڑھتی ہوئی بدامنی اور اپنی جانوں کو لاحق سنگین خطرات کے باوجود افغانستان کی ترقی کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان بارہا اس امر پر زور دیتا رہا ہے کہ افغانستان میں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہیں کی جانی چاہئیں اور خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جانا ناگزیر ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی افغان سرزمین سے سرگرمیوں کے باعث صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دوحہ امن معاہدے پر اس کی اصل روح اور متن کے مطابق مکمل عملدرآمد، اور سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات، علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

    صدر زرداری نے واضح کیا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔

    ویڈیوز

    زبان