
مشرقی چین کے صوبے جہ جیانگ میں ،چین کی کار ساز کمپنی لیپ موٹر کی سمارٹ فیکٹری میں نئی توانائی کی گاڑیاں تیار کی جا رہی ہیں ۔ (تصویر۔حو شیا فئے )
17 مارچ (پیپلز ڈیلی آن لائن)چین کی نئی توانائی کی گاڑیوں کی صنعت تیز رفتار توسیع سے اب اعلیٰ معیار کی ترقی کی طرف بڑھ رہی ہے، جو کہ انٹیلیجنٹ ڈرائیونگ سسٹمز اور جدید بیٹریز جیسی اہم ٹیکنالوجیز میں پیش رفت کی بدولت ممکن ہو رہا ہے۔
مارچ کے اوائل میں، چینی کمپنیز نے سمارٹ، کنیکٹڈ نیو انرجی وہیکلز کی بنیادی ٹیکنالوجیز میں اختراعات کے ایک نئے دور کا اعلان کیا ہے۔
4 مارچ کو، چینی کی بڑی ٹیک کمپنی حواوے نے دنیا کا پہلا ڈوئل آپٹیکل پاتھ امیجنگ گریڈ 896 لائن LiDAR سسٹم متعارف کروایا ہے۔روایتی 192 لائن لائیڈار LiDAR کے مقابلے میں، یہ نیا سسٹم چار گنا زیادہ تفصیلات فراہم کرتا ہے اور موجود صنعت کو طویل عرصے سے درپیش چیلنج کو حل کرتا ہے ۔یہ نئی پیش رفت 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی گاڑیوں کو 120 میٹر دور سے 14 سینٹی میٹر اونچی رکاوٹوں کی درست شناخت کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔
5 مارچ کو یعنی اس لانچ کے اگلے ہی دن ، چین کی نئی توانائی کی گاڑیوں کی معروف کمپنی بی وائے ڈی نے، اپنی بلیڈ بیٹری کی سیکنڈ جنریشن متعارف کروادی ۔ کمپنی کے مطابق یہ جدید بیٹری انقلابی فلیش چارجنگ فراہم کرتی ہے: معمول کے درجہ حرارت میں ، یہ صرف پانچ منٹ میں 10 فیصد سے 70 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے اور 10 فیصد سے 97 فیصد تک چارج ہونے میں اسے صرف نو منٹ لگتے ہیں۔

مشرقی چین کے صوبے جیانگ سو میں نانجنگ پورٹ پر ، سمندر پار بھجوائے جانے کے لیے تیار نئی توانائی کی گاڑیاں ۔ (تصویر/فانگ ڈونگ شو)
درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی ہو تو ، چارجنگ کا عمل معمول کے مقابلے میں صرف تین منٹ زیادہ وقت لیتا ہے۔ نئی بیٹری توانائی کی کثافت میں پانچ فیصد اضافہ کرتی ہے اور 1,000 کلومیٹر سے زیادہ کی ڈرائیونگ رینج دیتی ہے۔
چینی کمپنیز نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں سمارٹ نیو انرجی وہیکلز کے لیے اہم ٹیکنالوجیز جیسا کہ انٹیلیجنٹ ڈرائیونگ کے لیے لیزر رینجنگ سسٹمز اور نیو جنریشن پاور بیٹریز میں نئے سنگ میل طے کیے ہیں۔
چین کی نیو انرجی وہیکل کی صنعت اپنے 15ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران اپنی تبدیلی کو مزید تیز کیسے کر سکتی ہے؟
چین کی 2026 کی حکومتی ورک رپورٹ میں جدید صنعتی نظام تشکیل دینے اور سمارٹ اکانومی کی نئی صورتیں پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔گاڑیوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی آٹو موبائل انڈسٹری ، ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہی ہے اور یہ پیمانے میں توسیع سے اعلیٰ معیار اور کارکردگی کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ صنعتی سلسلے کی صلاحیتوں اور پیمانے کی معیشت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، توقع ہے کہ اس شعبے میں مصنوعات کے ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا، صنعتی ترتیب کو بہتر کیا جائے گا اور برینڈ ویلیو کو مضبوط کیا جائے گا۔ڈونگ فینگ موٹر کارپوریشن کے ذیلی ادارے ڈونگ فینگ ٹرک کے وہیکل اسمبلی پلانٹ کے چیف ماسٹر ٹیکنیشن وانگ جیان چھنگ کے مطابق، یہ صنعت زیادہ ذہانت، گرین ٹیکنالوجیز اور گہرے صنعتی انضمام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کی معاونت کے لیے بنیادی تحقیق کو مضبوط کرنے، جدید ٹیکنالوجیوں میں سرمایہ کاری کرنے اور صنعتی لچک میں اضافہ بےحد اہم ہے۔

چین کے صوبے شان دونگ میں ایک شخص نئی توانائی کی گاڑی میں بیٹھ کر اس کے فیچرز کا جائزہ لے رہاہے۔(تصویر۔ جاو چی روئی )
جی لی کی چی آن لی حاؤہان انٹیلیجنٹ معاونت ڈرائیونگ سسٹم سے لیس گاڑیوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، اس سسٹم نے 110 ملین کلومیٹر سے زیادہ کی معاون ڈرائیونگ کی ہے، جو زمین کے گرد تقریباً 2,750 بار چکر لگانے کے برابر ہے، جبکہ اس کی تصادم سے بچاؤ کی خصوصیت نے 225,000 ممکنہ حادثات سے بچاو فراہم کیا ہے۔
جی لی آٹوموبائل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے صدر لی چوان ہائی کا کہنا ہے کہ،حفاظت کسی بھی انٹیلیجنٹ ڈرائیونگ سسٹم کا بنیادی عنصر ہے ۔ ان کے مطابق، جی لی کا منصوبہ ہے کہ جہاں قوانین اجازت دیتے ہیں وہاں ، 2026 میں لیول-3 تیز رفتار کی خود مختار ڈرائیونگ اور لیول-4 کم رفتار کی خود مختار ڈرائیونگ متعارف کروائی جا ئے گی ، جب کہ روبوٹیکسی گاڑیوں کی تعیناتی کو بتدریج آگے بڑھایا جائے گا۔
چین کے گاڑیاں بنانے والے ایک بڑے ادارے جی اے سی گروپ کے چیئرمین ، فینگ شنگ یا نے خودکار ڈرائیونگ کے معیار اور جانچ کے لیے قومی سطح کے متحدہ نظام کی تشکیل پر زور دیا ہے۔
ایک اور بڑے گاڑی ساز ادارے ، چیری ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین ، ین ٹھونگ یوئے نے بھی انٹیلیجنٹ ڈرائیونگ سسٹمز میں ڈیٹا سکیورٹی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ڈیٹا جمع کرنے، منتقلی اور استعمال کے لیے معیاری طریقہ کار تشکیل دینے کی تجویز دی، تاکہ معلومات کی رازداری یقینی بنائی جا سکے اور بڑے پیمانے پر لیول-3 تعیناتی ممکن ہو سکے۔
آسٹریا کے شہر گرازمیں واقع، ماگنا انٹرنیشنل وہیکل اسمبلی پلانٹ میں، چین اور یورپ کی انجینئرنگ ٹیمز مارچ کے وسط میں Aion UT، جی اے سی ایون کی نئی توانائی کی گاڑی، کی لانچ کے لیے پیداواری عمل کو ترتیب دے رہی ہیں۔ یہ پلانٹ میں Aion V کے بعد جی اے سی کا تیار کردہ دوسرا ماڈل ہوگا۔ جی اے سی گروپ کے ایگزیکٹو ماحائی یانگ کے مطابق، ماگنا کے ساتھ شراکت داری یورپی انجینئرنگ سسٹمز اور مقامی سپلائی چینز کے ساتھ انضمام میں مدد دیتی ہے، جس سے مقامی پیداوار میں تیزی آتی ہے۔
چیری ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین ، ین ٹھونگ یوئے کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے کے لیے ، عالمی سطح پر کام کرنے کا مطلب مقامی مارکیٹ میں مزید گہرائی سے ضم ہونا ہے۔ ہماری عالمی حکمت عملی یہ ہے کہ جہاں ہم کام کرتے ہیں وہاں جڑیں مضبوط کریں اور مقامی ترقی میں حصہ ڈالیں۔ سپین کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ، سپین میں چیری کا منصوبہ نہ صرف مقامی سطح پر گاڑیوں کی پیداوار کو ممکن بناتا ہے بلکہ اس نے 1,500 سے زیادہ مقامی ملازمتیں بھی پیدا کی ہیں۔انہوں نےامید ظاہر کی کہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے دوران اس ماڈل کو دنیا کے مزید حصوں میں دہرایا جائے گا ، ادارے کا مقصد یہ ہے کہ اس کی مصنوعات اور قیمتیں مقامی صارفین کے لیے قابل قبول ہوں، کاروباری ماڈل کو مقامی حکومتوں اور معاشروں کی جانب سے پذیرائی ملے اور ترقیاتی طریقہ کار ماحولیاتی طور پر پائیدار رہے۔
چین نے 2025 میں 7 ملین سے زائد گاڑیاں برآمد کیں، جب کہ نیو انرجی وہیکلز (NEV) کی برآمدات 2.615 ملین یونٹس تک پہنچ گئیں جو سال بہ سال دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ ہے اور یہ اس صنعت کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مسابقت کو اجاگر کرتا ہے ۔تاہم ، پیش رفت کے باوجود، چیلنجز باقی ہیں۔ جب چینی آٹو میکرز بیرون ملک توسیع کی جانب بڑھ رہے ہیں تو ایے میں ، محدود غیر ملکی آپریشنل صلاحیت اور عالمی صنعتی و سپلائی چینز سے متعلق خطرات ان کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔



