رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران چین میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 161 ارب 45 کروڑ یوان کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا گیا ۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ملک بھر میں 8631 نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کی حامل کمپنیوں کا قیام عمل میں آیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ تاہم عملی طور پر استعمال ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 161 ارب 45 کروڑ یوان رہی، جو سالانہ بنیادوں پر 5.7 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
شعبہ جاتی اعتبار سے دیکھا جائے تو مینوفیکچرنگ کے شعبے میں 47 ارب 52 کروڑ یوان کی غیر ملکی سرمایہ کاری استعمال ہوئی، جبکہ سروسز کے شعبے میں یہ حجم 111 ارب 22 کروڑ یوان رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق ہائی ٹیک صنعتوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 63 ارب 21 کروڑ یوان رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20.4 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ یہ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا 39.2 فیصد بنتا ہے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.5 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔



