• صفحہ اول>>چین پاکستان

    شی جن پھنگ اور آصف علی زرداری کے درمیان چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

    (CRI)2026-05-22

    21 مئی کو چین کے صدر شی جن پھنگ اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔

    شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین اور پاکستان اچھے دوست اور ہمہ موسمی سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 75 برسوں میں بین الاقوامی صورتحال میں خواہ جتنی بھی تبدیلیاں آئیں، چین۔پاکستان دوستی ہمیشہ چٹان کی مانند مضبوط اور ناقابلِ شکست رہی ہے۔ چین اور پاکستان ، پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے ہوئے ہیں اور خوشیوں اور مشکلات میں ایک ساتھ ہیں۔

    شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک نے طویل عرصے سے اعلیٰ سطح کے سیاسی اعتماد، عملی تعاون، سکیورٹی تعاون اور بین الاقوامی اشتراک کو برقرار رکھا ہے، جس نے دوطرفہ تعلقات کی ایک مثال قائم کی ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ وہ چین۔پاکستان تعلقات کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور صدر زرداری کے ساتھ مل کر 75ویں سالگرہ کو ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر لیتے ہوئے سٹریٹجک روابط مضبوط بنانے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، ہمہ جہتی تعاون کو گہرا کرنے اور نئے دور میں مزید مضبوط چین۔پاکستان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کو تیز کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچائے جا سکیں اور علاقائی امن و ترقی میں کردار ادا کیا جا سکے۔

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور یہ علاقائی امن، استحکام اور ترقی کا ایک مضبوط ستون بن چکی ہے۔

    انہوں نے شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ گلوبل انیشی ایٹوز کو دور رس اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ،چین کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور نئے دور میں مزید مضبوط پاکستان۔چین مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کے لیے چینی قیادت کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    صدر زرداری نے کہا کہ اپنی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کے تحفظ اور اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے مستقل حمایت پر پاکستان، تہہِ دل سے چین کا شکر گزار ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلقہ امور میں بدستور چین کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندی تک پہنچائے گا۔

    اسی روز ،چین کے وزیرِ اعظم لی چھیانگ اور پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے درمیان بھی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ ہوا۔

    اپنے پیغام میں لی چھیانگ نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اتحاد و تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کے " اپ گریڈ ورژن" کی تعمیر کو فعال انداز میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، تاکہ دونوں ممالک کی ہمہ موسمی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

    شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک۔چین تعلقات باہمی اعتماد، خودمختاری کے احترام اور امن و ترقی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کے حامل سی پیک کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے شعبوں کو دریافت کرتا رہے گا۔

    ویڈیوز

    زبان