22 جون2026(پیپلز ڈیلی آن لائن)اس سال، چین کے ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے دوران،صارفین کی ایک ایسی مارکیٹ کی عکاسی ہوئی جو ایک خاموش تبدیلی کے مرحلے میں ہے، جہاں روایتی تعطیلات کے خرچ کو علاقائی اختراعات، صحت کی آگاہی اور ثقافتی تخلیقیت کے ذریعے دوبارہ سے ایک نئی شکل دی جارہی ہے۔
زونگ زی مارکیٹ میں نئے رجحانات

زونگ زی یعنی لیس دار چاولوں سے بنے روایتی ڈمپلنگز میں واضح تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں اور یہ مصنوعات کی ایک تیزی سے ترقی پذیر قسم میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ ای کامرس کے اعداد و شمار کے مطابق، مخصوص علاقائی اقسام میں بڑے پیمانے پر ترقی دیکھی گئی ہے ، جن میں گوئے جو ، سیچوان اور یوننان کے زونگ زی کے حجم میں بالترتیب 1240 فی صد، 315فی صد اور 200 فی صد کا اضافہ ہوا۔
اسی دوران، صحت ایک اہم محرک بن گئی ہے۔ کم گلیسیمک انڈیکس ،شوگر فری اور ملٹی گرین زونگ زی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، جبکہ غیر ضروری پیکیجنگ کو ختم کیا جا رہا ہے۔ کچھ خردہ فروشوں نے امتحان کی کامیابی سے منسلک موضوعاتی مصنوعات بھی متعارف کروائی ہیں، جو "زونگ" کے لفظ کا استعمال کرتے ہوئے تہوار سے وابستہ اس کھانے کو ، جون کے اوائل میں منعقدہ یونیورسٹی میں داخلے کےسالانہ امتحان کے لیے نیک خواہشات سے ہم آہنگ کرتے ہیں ۔
دن بہ دن یہ تہوار عالمی حیثیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شین زن میں، غیر ملکی سیاحوں نے زونگ زی کی ایک مقامی قسم کو بنانے کے ورکشاپس میں حصہ لیا ۔یہاں کی برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، مئی سے اب تک شین زن کسٹمز کے ذریعے 487 ٹن سے زیادہ زونگ زی بھیجی جا چکی ہے، جس کی مالیت 9.18 ملین یوان (1.35 ملین ڈالر) سے زیادہ ہے، جو کہ سال بہ سال 48.5 فی صد اور 16.9فی صد کا اضافہ ہے۔
روایتی دستکاریوں کی مقبولیت کا نیا پہلو
کھانے کی اشیا کے علاوہ تہوار سے متعلقہ دیگر چیزیں بھی نئے انداز میں پیش کی جا رہی ہیں۔ روایتی طور پر آلودگی سے بچنے اور برکت کی دعا کے لیے استعمال ہونے والے مگ وورٹ اور نرسل ، اب گھریلو آرائش اور گلدستوں کے طور پر نظر آ رہے ہیں۔
صوبہ یوننان کے شہر کھون منگ میں، ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے پھولوں کی آرائش کی فروخت دوگنا ہو چکی ہے، جس کی بڑی وجہ نوجوان صارفین ہیں جو روایتی علامتوں کی نئی تشریحات کو ترجیح دیتے ہیں۔
صوبہ گانسو کے شہر چھنگ یانگ میں، صدیوں پرانے کڑھائی والے چھوٹے بیگ نئی برآمدات کے ساتھ وسط ایشیا سمیت دیگر مارکیٹس میں داخل ہو رہے ہیں۔ آن لائن، چھوٹے بیگز اور تہوار کی سجاوٹ کے لیے ڈی آئی وائی کٹس بھی مقبول ہیں، جو ذاتی اظہار کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتی ہیں۔
صنعت کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ رجحان ایک وسیع تر تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے: صارفین صرف افادیت ہی نہیں جذبات کی قدر و قیمت، صحت کے فوائد اور مصروفیت کی تلاش میں ہیں، جو روایتی مصنوعات کو نئے سرے سے تخلیق کرنے کی طرف لے جا رہا ہے۔
ڈریگن بوٹ ریس اور سیاحت کی بڑھتی ہوئی طلب

یہی رجحان سیاحت اور کھیلوں میں بھی نظر آتا ہے۔ چین بھر میں، ڈریگن بوٹ ریس بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں، جس سے جنوبی شہروں جیسے فوشان اور شیامین کی طرف سفر کی مانگ بڑھ رہی ہے۔
شنگھائی کی بین الاقوامی ڈریگن بوٹ ریس میں 50 سے زائد ٹیمز اور ملائیشیا، جرمنی، روس اور دیگر ممالک سے 1,000 سے زائد کھلاڑی شریک ہوئے، جب کہ منتظمین نے اس کی مقبولیت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ماسکوٹس اور اے آئی سے تیار کردہ تھیم پر مبنی گانے شامل کیے۔
صوبہ سیچوان میں، انسان نما روبوٹ بھی ڈریگن بوٹ کی تربیت اور مظاہروں میں شامل ہوئے، جو روایات اور ٹیکنالوجی کے ملاپ کو اجاگر کرتا ہے۔
صوبہ گوانگ دونگ میں، کھیلوں کے ایونٹس اور چائے خانوں میں فٹ بال کی سکریننگ ، خریداری کے نئے مناظر تخلیق کر رہی ہیں جو کھیلوں اور کھانے کو ہم آہنگ کر رہے ہیں اور انہیں مقامی سبسڈی اور تھیم پر مبنی سیاحت کے پیکجز کی معاونت حاصل ہے۔



