یکم جولائی 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) صوبہ جہ جیانگ کی ڈسٹرکٹ شانگ چھینگ کی چھون جیانگ کمیونٹی میں صبح 11 بجے کھانے کی خوشبو پھیلنا شروع ہو جاتی ہے اور یہاں کے بزرگ رہائشی کمیونٹی فوڈ سروس ہال میں دوپہر کے کھانے کے لیے جمع ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
صرف ڈیڑھ سال پہلے، ان میں سے بہت سے بزرگوں کو کھانے کے لیے قریب ترین ریستوران پہنچنے کے لیے بھی تقریباً ایک کلومیٹر چلنا پڑتا تھا۔لیکن آج، وہ اپنی کمیونٹی میں ہی بلکہ یوں کہیے اپنے گھروں کے دروازے پر ہی دوپہر کے گرم تازہ کھانے اور دوستوں کے ساتھ گپ شپ کا لطف اٹھاتے ہیں۔
یہ آسانی، ایک سادہ سے پیغام کے باعث شروع ہوئی تھی ۔

12 جون 2026۔چھون جیانگ کمیونٹی میں لوگ کمیونٹی کینٹین میں دوپہر کا کھانا کھا رہے ہیں۔( پیپلز ڈیلی آن لائن۔ وو چھاو لان)
جو شو جیان ، ریٹائرڈ زندگی گزار رہے ہیں اور اسی کمیونٹی کے رہائشی ہیں ۔ روزانہ چہل قدمی کرتے ہوئے انہوں نے ایک بات کا مشاہدہ کیا کہ 60 سال سے زائد عمر کے لگ بھگ 900 افراد کی اس کمیونٹی میں کھانے کا وقت سب کے لیے ایک جیسی پریشانی کا سبب تھا۔بہت سے معمر افراد تنہا رہتے تھے اور صرف اپنے لیے کھانا پکانا یا کھانے کے لیے چل کر دور تک جانا ان کے لیے آسان نہیں تھا ۔اس سب کو دیکھ کر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس کا کوئی قابلِ عمل حل تلاش کریں گے اور اسی حل کے لیے انہوں نے ،پیپلز ڈیلی آن لائن کے میسج بورڈ پر معمر افراد کے لیے کھانے کی سروسز فراہم کرنے کی تجویز رکھی۔
ایک پیغام ،جو گرم تازہ کھانوں میں تبدیل ہوا
یہ پیغام ایک کمیونٹی کی دیرینہ خواہش کو عملی شکل میں ڈھالنے کی وجہ بن گیا۔اگلی صبح، چھون جیانگ کمیونٹی کے پارٹی سیکریٹری حہ مو تک جو شو جیان کا یہ پیغام پہنچا۔ حہ مو ، معمر افراد کے کھانے کی ضروریات کے حوالے سے پہلے ہی کچھ خطوط پر سوچ رہے تھے اور جب ان کو یہ پیغام ملا، تو انہیں احساس ہوا کہ یہ فوری ضرورت ہے اور اس خیال کو فوری طور پر حقیقت میں بدلنا ہوگا۔
حہ مو نے اپنی ٹیم کے ساتھ ، کمیونٹی کے گھروں کا دورہ کیا، بزرگوں سے ان کے کھانے کے معمولات اور ان کے لیے تشویش کا باعث بننے والے معاملات کے بارے میں جانا۔ منصوبے کے آغاز تک، وہ اور ان کی ٹیم 80 فیصد سے زیادہ بزرگ افراد کے گھروں کا دورہ کر چکے تھے۔
تاہم، اس خواہش کو عملی خدمت میں تبدیل کرنا ایک چیلنج تھا۔
ایک مناسب جگہ تلاش کرنے سے لے کر کیٹرنگ کے قوانین کی پیروی کرنے تک، حہ نے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی میں کافی وقت صرف کیا گیا۔ محدود جگہ کی وجہ سے، روایتی کینٹین قائم کرنا ممکن نہیں تھا۔ پراپرٹی مینجمنٹ اور کیٹرنگ فراہم کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کے بعد، کمیونٹی نے اس مقصد کے لیے ایک جگہ متعین کی۔ کھانے قریبی مرکزی باورچی خانے میں تیار کیے گئے اور کمیونٹی تک پہنچائے گئے، اس سے بزرگ افراد کو اپنے گھروں کے قریب گرم کھانے تک رسائی حاصل ہوئی۔
حہ کا کہنا ہے کہ بطور بنیادی کارکن، ہمیں صرف مسائل کو جمع کرتے ہوئے آگے نہیں بڑھ جانا بلکہ ہمیں وسائل کو منظم کرکے حل کی منصوبہ بندی کرنی ہوتی ہے۔
فوڈ سروس سائٹ منصوبے کو حتمی شکل دینے کے بعد، کمیونٹی نے ایک کیٹرنگ پارٹنر کی تلاش شروع کی اور اس سلسلے میں کمیونٹی کینٹین کے اتنظام کا تجربہ رکھنے والی جاو مان سے رابطہ کیا گیا۔ابتدائی طور پر، جاو نے کچھ ہچکچاہٹ کامظاہرہ کیا۔ کمیونٹی فوڈ سروسز کے لیے تازہ اجزا، بزرگوں کی پسند کے مطابق کھانا بنانےاور اس کی قیمت کم رکھنے سے ، منافع بہت کم رہ جاتا تھا۔ تاہم، حہ اور جو کی مستقل مزاجی ،عزم اور حکومتی حمایت نے ان کا ارادہ تبدیل کیا۔
جاو مان کے بقول ،شروع میں تو یقین نہیں تھا کہ ہم یہ کام کر سکیں گے۔ لیکن کچھ کرنا ہمیشہ کچھ نہ کرنے سے بہتر ہے۔جاو مان کے لیے، روزانہ تقریباً 100 بزرگ افراد کی خدمت کرنا اس کی کوشش کو قابل قدر بناتا ہے۔
تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے، جو کے پیغام بھیجنے کے دو ماہ کے اندر اندر فوڈ سروس سائٹ فعال ہوگئی۔

12 جون 2026۔چھون جیانگ کمیونٹی کے معمر افراد کمیونٹی کینٹین کے پرسکون اور صاف ستھرے ماحول میں کھانا کھا رہے ہیں۔( پیپلز ڈیلی آن لائن۔ وو چھاو لان)
کینٹین میں پہلے دن 200 افراد آئے ۔ جو شو جیان کے لیے اپنی تجویز کو عملی شکل میں ڈھلتے دیکھنا بے حد خوش کن اور تسلی بخش تھا۔ جو کہتے ہیں کہ میرے پیغام پر اتنی تیزی سے عمل کرنا یہ واضح کرتا ہے ان کے لیے لوگوں کی ضروریات کا حل پہلی ترجیح ہے اور باقی سب کاموں سے مقدم ہے۔
یہ سائیٹ جلد ہی صرف ایک کھانے کی کینٹین سے لوگوں کے لیے مل بیٹھنے کی ایک جگہ بن گئی جہاں کھانے کے بعد سب مل بیٹھتے ہیں ، ایک دوسرے کے ساتھ اپنی باتیں ، اپنی اپنی کہانیاں ساجھتے ہیں اور یوں اکیلے پن کا احساس بھی ان کو تنگ نہیں کرتا ہے۔
مل جل کر دیکھ بھال کرنا
کھانے کی جگہ کھولنا پہلا قدم تھا، بڑا سوال یہ تھا کہ کس طرح سے اس کو معمر افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جائے اور اس کو طویل مدت کے لیے فعال رکھنے کا کیا طریقہ اختیار کیا جائے ۔ آغاز میں جب اسے تجرباتی طور پر چلایا جا رہا تھا تو کیش کاونٹر ،کھانا دینے ، صفائی کرنے ، برتنوں کو اٹھانے اور صاف کرنے جیسے کاموں کے لیے کئی لوگ رکھے گئے لیکن جیسے جیسے یہاں آنے والوں کی تعداد بڑھتی گئی کام کا بوجھ بھی بڑھتا گیا اور کام کرنے والوں کی تعداد بھی ۔ ان افراد کی تنخواہوں کی ادائیگی ایک بڑا دباو بنتی جا رہی تھی اس لیے کمیونٹی نے کچھ اور حل تلاش کرنے شروع کیے۔

12 جون 2026۔چھون جیانگ کمیونٹی کینٹین میں نوجوان رضا کار کھانا بانٹنے کا کام کر رہے ہیں۔( پیپلز ڈیلی آن لائن۔ جانگ رونگ )
اس سلسلےمیں پہلا قدم اٹھاتے ہوئے جو شو جیان نے ، ایک رضا کار ٹیم تشکیل دی جو باری باری کینٹین میں ڈیوٹی دیتی ہے اور کھانا پیش کرنے سے لے کر ، صفائی ستھرائی کر کے سب کچھ سمیٹنے تک تمام کام کرتی ہے۔ جو کے نزدیک یہ سروس جس کے خیال کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اتنی محنت کی گئی ،رضاکار اس کو قائم رکھنے کا ایک ذریعہ ہیں ۔ اس سے سروس کی لاگت کم ہوتی ہے اور کسی مالی دباو کے باعث سروس ختم کرنے کا خطرہ کم سے کم رہ جاتا ہے۔
جاو مان ، جو شو جیان کی بے لوث خدمت سے بے حد متاثر ہوئیں، جو شو تقریباً ہر روز مدد کے لیے آتے ہیں، دوسرے رضا کار اور کمیونٹی کے کارکن بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ شروع میں تو انہیں لگا کہ کہ اس خدمت کو جاری رکھنا بہت مشکل ہے۔ لیکن جب اتنے لوگوں کو اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دیکھا تو احساس ہوا کہ چاہے یہ کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، ہمیں اسے جاری رکھنا چاہیے۔

12 جون 2026۔چھون جیانگ کمیونٹی کینٹین میں لوگ کھانا لینے کے لیے قطار میں کھڑے ہوئے ہیں۔( پیپلز ڈیلی آن لائن۔ وو چھاو لان )
نگہداشت کا تسلسل
فوڈ سروس سائٹ اچھی طرح چل رہی ہے، لیکن اس کو مزید بہتر کرنے کے لیے کمیونٹی کی کوششیں ابھی بھی جاری ہیں۔بزرگ رہائشیوں کے لیے ایک گروپ چیٹ میں مینو شیئر کیے جاتے ہیں، جس سے فیڈبیک اور تجاویز حاصل کی جاتی ہیں۔ حہ مو ، باقاعدگی سے بزرگوں سے ملاقات کرتے ہیں، کھانے کی مقدار، صفائی اور سروس کا معائنہ کرتے ہیں اور بہتری کے امکانات کھوجتے ہیں۔ ہر ہفتے، رضاکار 90 سال اور اس سے زائد عمر کے ایسے افراد کے لیے جو خود کینٹین تک آنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں ، کھانا ان کے گھروں تک پہنچاتے ہیں ۔
حہ مو کے لیے، کمیونٹی کی خدمت ان کے بنیادی کردار کا ایک حصہ ہے۔ رہائشیوں، رضاکاروں اور کیٹرنگ کمپنی کے مابین تعاون کو دیکھنا انہیں اس سروس کو مزید بہتر بنانے کی تحریک دیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ہماری کوششیں رہائشیوں کی زندگیوں کو بہتر بناتی ہیں اور ہمیں قریب لاتی ہیں، تو یہ ہمارا انعام ہے ۔ان کی تعریفیں بیش قیمت ہیں، لیکن ان کا اعتماد اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔
چھون جیانگ کمیونٹی کے لیے فوڈ سروس سائٹ، سننے ، اپنانے اور نگہداشت فراہم کرنے کی ایک مستقل ذمہ داری ہے۔ جو شو جیان کے پیغام سے لے کر حہ مو کی ہم آہنگی نیز جاو اور رضاکاروں کی ٹیم تک، یہ کہانی دکھاتی ہے کہ کمیونٹی سروس کا جذبہ دیکھ بھال کے روزمرہ کے افعال کے ذریعے کیسے آگے سے آگے منتقل ہوتا ہے۔



