• صفحہ اول>>چینی معاشرت

    چین کا چھوٹا سا شہر چھنگ یانگ ،کمپیوٹنگ پاور کا بڑا مرکز

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-07-09

    9جولائی 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)شمال مغربی چین کے صوبے گانسو کا شہر چھنگ یانگ، محض 21 لاکھ کی آبادی پر مشتمل ایک چھوٹا سا شہر ہے جو ایک بڑی 'ٹوکن فیکٹری' کے طور پر ابھر رہا ہے۔

    جون کے آخر تک، اس شہر کی سمارٹ کمپیوٹنگ کی صلاحیت 168,000 پیٹا فلاپس سے تجاوز کر گئی، جو کہ چین کی کمپیوٹنگ کی طلب کا ایک چوتھائی پورا کرتی ہے۔ ایک پیٹا فلاپ ،فی سیکنڈ ایک کھرب کیلکیولیشنز کے برابر ہے۔

    چھنگ یانگ ،چین کے آٹھ کمپیوٹنگ پاور ہبز میں سب سے تیز رفتار ترقی کا حامل ہے۔انٹیلی جنٹ کمپیوٹنگ اس کی مجموعی کمپیوٹنگ پاور کا سب سے بڑا حصہ ہے اور یہ ٹوکن کے استعمال میں بھی چین کے باقی مراکز سےآگے ہے۔

    6 جون 2026۔ صوبہ گانسو کے شہر ، چھنگ یانگ میں چائنا موبائل کمپیوٹنگ سینٹر میں عملے کے افراد کام میں مصروف ہیں۔ (شنہوا۔ لانگ بنگ بنگ )

    6 جون 2026۔ صوبہ گانسو کے شہر ، چھنگ یانگ میں چائنا موبائل کمپیوٹنگ سینٹر میں عملے کے افراد کام میں مصروف ہیں۔ (شنہوا۔ لانگ بنگ بنگ )

    چھنگ یانگ ڈیٹا سینٹر کلسٹر میں، ہزاروں کمپیوٹنگ کارڈز بلا توقف،دن رات کام کر رہے ہیں۔ یہاں کیپٹل آن لائن ڈیٹا سروس کمپنی، کنگ سافٹ کلاؤڈ اور لنگ چھیونگ شون لیان (چھنگ یانگ) ڈیٹا ٹیکنالوجی کمپنی جیسے معروف ادارے اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر ایک ایسا مربوط ٹوکن کمپیوٹنگ سپلائی سسٹم تشکیل دے رہے ہیں جو تیز صنعتی توسیع کی معاونت کرتا ہے۔

    چین کے شہر چھنگ یانگ نے اپنے مربوط کمپیوٹنگ نیٹ ورک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک ٹوکن شیڈولنگ سسٹم تیار کیا ہے جو ملکی اور غیر ملکی مارکیٹس کو آپس میں منسلک کرتا ہے، جس میں کمپیوٹنگ وسائل کا استعمال 90 فیصد سے زیادہ ہے۔ اس نے جنوب مشرقی ایشیا، وسط ایشیا اور یورپ کے لیے آوٹ باونڈ کمپیوٹنگ کوریڈور بھی قائم کیے ہیں اور اس کی ٹوکن سروسز پانچ براعظموں تک پھیلی ہوئی ہیں۔

    کمپیوٹنگ کے لیے سبز بجلی کی لاگت ایک اہم فائدہ ہے۔ روایتی توانائی سے بھرپور شہر چھنگ یانگ نے سبز توانائی کو یکجا کرنے کے لیے براہ راست سپلائی ماڈل متعارف کروایا ہے۔

    گانسو الیکٹرک پاور انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے چھنگ یانگ میں 2 ملین کلو واٹ کا سبز پاور پلانٹ قائم کیا ہے۔ یہاں، بجلی کی آن سائیٹ قیمتیں 0.398 یوان ($0.06) فی کلو واٹ گھنٹہ پر مستحکم کی گئی ہیں۔ براہ راست سپلائی کی یہ شرح فی یونٹ کمپیوٹنگ کی لاگت کو مشرقی چین کے بڑے شہروں کے مقابلے میں 35 فیصد سے 45 فیصد کم جب کہ یورپ اور امریکا کے مقابلے میں 50 فیصد سے زیادہ کم کرتی ہے۔

    کم لاگت اور ٹیکنالوجی کی خصوصیات کے ملاپ نے چھنگ یانگ میں صنعتی کلسٹرنگ کو تیزی سے فروغ دیا ہے۔ اب تک، چھنگ یانگ نے ڈیجیٹل معیشت پر مشتمل 670کمپنیز کو رجسٹر کیا ہے اور ملک بھر کے 53 شہروں کے ساتھ کمپیوٹنگ شراکت داری قائم کی ہے، جس نے کمپیوٹنگ کی فراہمی، بڑے ماڈل کی تحقیق و ترقی، اے آئی ایپلیکیشنز اور ٹوکن کی گردش کا مکمل صنعتی سلسلہ تشکیل دیا ہے۔

    فی الحال، چھنگ یانگ کی کمپیوٹنگ سروسز شمالی امریکا، یورپ اور ایشیا پیسیفک جیسے علاقوں کا احاطہ کرتی ہیں اور بیرون ملک DeepSeek اور Minimax جیسی کمپنیز کے آپریشنز کی معاونت کرتی ہیں۔ چھنگ یانگ ایک ٹرانس یوریشین کمپیوٹنگ نیٹ ورک کی تعمیر کو تیز کر رہا ہے، جس کا مقصد 2030 کے آخر تک 100,000 پیٹا فلاپس کی کمپیوٹنگ طاقت برآمد کرنا اور اپنے آپ کو چین کی کمپیوٹنگ پاور کی برآمدات کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔

    چھنگ یانگ کے بیورو برائے صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ، نیو یی فئے کے مطابق، چھنگ یانگ کا ہدف 2030 کے آخر تک 800,000 معیاری ریکس تک پہنچنا، 300,000 پیٹا فلاپس کی کمپیوٹنگ صلاحیت سے تجاوز کرنا اور 600 ارب یوان ڈیجیٹل اکنامک آوٹ پٹ حاصل کرنا ہے۔

    ویڈیوز

    زبان