حالیہ برسوں میں، "دی بیلٹ اینڈ روڈ" انیشیٹو کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ، چین-پاکستان اقتصادی راہداری ایک فلیگ شپ پروجیکٹ کے طور پر چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن گئی ہے۔ اس سیاق و سباق میں، بیجنگ فارن سٹڈیز یونیورسٹی (BFSU) کا شعبہ اردو ، اپنی تدریسی و تحقیقی خصوصیات، ثقافتی فروغ اور عملی تربیت کے امتزاج سے، چین –پاک دوستی میں ایک اہم پل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ چین میں اردو تعلیم کے ایک مضبوط ستون کا کردار ادا کرتے ہوئے ، بی ایف ایس یو کے شعبہ اردو کی ٹیم ، اعلیٰ معیار کے لسانی ماہرین تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے جو "دی بیلٹ اینڈ روڈ" انیشیٹو کے لیے معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
اردو تعلیم کی تاریخ اور اساتذہ
بی ایف ایس یو کا شعبہ اردو 2007 میں قائم ہوا اور تب سے یہ قومی زبان کی حکمت عملی کے مطابق چین-پاکستان ثقافتی تبادلوں اور زبان کی خدمات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ تدریسی ٹیم میں تین اساتذہ محترمہ چویوآن، ڈاکٹر یوآن یوہانگ، اور پاکستانی معلمہ ڈاکٹر آمنہ منورشامل ہیں۔ یہ تینوں اساتذہ تدریس، درسی کتب کی تیاری اور علمی تحقیق میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے چین میں اردو تعلیم کی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔اساتذہ نہ صرف تدریسی عمل میں زبان و ثقافت کے گہرے امتزاج پر زور دیتے ہیں بلکہ اردو نصابی کتب کی تیاری اور ان میں بہتری لانے کے لیے بھی بے حد فعال ہیں۔
ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے چین-پاکستان دوستی کو فروغ دینا
بی ایف ایس یو میں اردو تعلیم صرف کمرہ جماعت تک محدود نہیں بلکہ مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پاک- چین دوستی کو فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یونیورسٹی میں مختلف مقابلے اور تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جن میں اردو تقریری مقابلے، ولاگز کے ذریعے اردو زبان کے عملی استعمال اور پاکستان سے متعلق معلوماتی کوئز شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ اردو زبان دانی کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں اور پاکستان کے بارے میں اپنی معلومات کو عملی طور پر اپنانے کا موقع حاصل کرتے ہیں۔ مزید برآں، یہ سرگرمیاں پاکستان کی ثقافت کو چینی طلبہ اور معاشرے میں متعارف کروانے کا ذریعہ بن رہی ہیں، جس سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
"دی بیلٹ اینڈ روڈ" انیشیٹو کے لیے ماہرین کی تیاری
"دی بیلٹ اینڈ روڈ" انیشیٹو کے اجرا سے کئی نئی ضروریات نے جنم لیا ، جن میں سے ایک ماہرین لسانیات کی خدمات حاصل کرنا بھی ہے۔ خاص طور پر چین-پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں اردو زبان بولنے والوں کی خدمات، منصوبوں کے کامیاب نفاذ کا ایک اہم پہلو بن چکی ہیں۔ بی ایف ایس یو کا اردو پروگرام قومی حکمت عملی کے مطابق، کثیر الجہت اور ذُولسانین ماہرین کی تیاری پر توجہ دیتا ہے۔
اس وقت اردو نصاب میں نہ صرف زبان کے کورسز (سننا، بولنا، پڑھنا، لکھنا) شامل ہیں بلکہ اس میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت، مذہب، سیاست اور معیشت جیسے موضوعات کا بھی احاطہ کیا جاتا ہے۔ طلبہ کو اردو زبان کے علاوہ انگریزی زبان میں بھی مہارت درکار ہے ، انہیں پاکستان کے حالات اور "دی بیلٹ اینڈ روڈ" سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ بی ایف ایس یو ، طلبہ کو ترجمہ کرنے کا طریقہ سیکھنےاور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کے لیے مختلف کمپنیز اور اداروں کے ساتھ تعاون بھی کر رہی ہے۔ مثال کے طور پر، بی ایف ایس یو کے طلبہ نے کئی بار سی پیک منصوبوں میں ترجمہ اور زبان دانی کی خدمات فراہم کی ہیں اور ان خدمات کا منصوبوں کی کامیابی میں اہم کردار رہا ہے۔
اپریل 2021 ، پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ سرگرمی میں شریک شعبہ اردو کے انڈرگریجویٹ طلبا ۔
ثقافتی تبادلہ اور تعلیمی جدت
بی ایف ایس یو کے شعبہ اردو کی ٹیم ، چین-پاکستان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان افہام و تفہیم کو مزید بڑھانے کے لیے سرگرم ہے۔ یونیورسٹی اردو مشاعروں اور پاکستانی ثقافت کی نمائشوں سمیت دیگر کئی علمی و ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کرتی آرہی ہے ۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے، پاکستانی ادب اور فنون چینی عوام تک پہنچے ہیں اور پاکستانی ثقافت کو فروغ ملا ہے۔
بی ایف ایس یو جدید تدریسی ذرائع، مثلاً ملٹی میڈیا اور متعلقہ وسائل کو فروغ دیتے ہوئے طلبہ کو بہتر تعلیمی تجربات فراہم کر رہی ہے۔ مزید برآں، بی ایف ایس یو پاکستانی جامعات اور ثقافتی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزیدمضبوط کرنے کے لیے ، پاکستانی ماہرین کو چین مدعو کرتی ہےاور چینی طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف طلبہ کی زبان دانی بہتر ہوتی ہے بلکہ پاکستانی معاشرے اورتہذیب وثقافت کے بارے میں ان کی فہم بھی وسیع ہوتی ہے۔
زبان کی تعلیم: چین اور پاکستان کے دلوں کو ملانے کا پُل
زبان ،دلوں کو ملانے کا ایک پل اور اعتماد تشکیل دینے کا ایک ذریعہ ہے۔ چین-پاکستان تعلقات میں، زبان کی تعلیم کا انتہائی اہم کردار ہے۔ بی ایف ایس یو اردو تعلیم کے ذریعے اعلیٰ معیار کے ماہرین تیار کر کے، دونوں ممالک کے اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی تعاون کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے، بی ایف ایس یو نے چینی عوام کے دلوں میں پاکستان کے لیے محبت اور احترام میں اضافہ کیا ہے، جو ان دونوں ممالک کے تعلقات کی طویل مدتی ترقی کو ایک نئی قوت مہیا کرتا ہے ۔
مستقبل کے ارادے
"دی بیلٹ اینڈ روڈ" انیشیٹو کے تحت، بی ایف ایس یو کا شعبہ اردو ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ بیجنگ فارن سٹڈیز یونیورسٹی مستقبل میں، اردو زبان کی تعلیم اور بین الثقافتی تبادلے میں اپنی منفرد خصوصیات کو مزید فروغ دےگی، پاکستان کے ساتھ تعاون کو پہلے سے زیادہ گہرا کرےگی اور زیادہ اعلیٰ معیار کے ماہرین تیار کرےگی۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی ثقافتی تبادلے کے مزید پلیٹ فارمز قائم کرنے کے لیے کوشاں رہےگی اور چین-پاکستان دوستی اور "دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرےگی۔