• صفحہ اول>>چین کے رنگ

    صحرائے تکلاماکان میں  کھلے لاکھوں گلاب

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-05-26

    26 مئی2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن ) صحرائے تکلاماکان کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی جانے والی منصوبہ بندی کے تحت کھلے ہوئے 100,000 گلاب ، صحرا میں رنگ اور امید کا اشارہ دے رہے ہیں ۔ یہ ثبوت ہیں کہ صحرا وں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جدوجہد ثابت قدمی کے ساتھ جاری ہے۔

    کئی سیاح متجسس ہو کر یہ سوال بھی کرتے ہیں کہ "کیا واقعی صحرا میں گلاب اگ سکتے ہیں؟" پہلے کی نسبت اب اس کا جواب بغیر کسی شک و شبہے کے " ہاں" میں ہوتا ہے ۔ ہوتان پریفیکچر میں صحرا ئے تکلا مکان کے جنوبی کنارے پر واقع یوتیان کاونٹی ، سخت اور خشک آب و ہوا، درجہ حرارت میں آنے والے شدید اتار چڑھاؤ اور سورج کی بھرپور روشنی کے لیے مشہور ہے ۔ حیرت انگیز طور پر یہ حالات بعض اقسام کے گلاب کی کاشت کے لیے بالکل موزوں ہیں۔

    اس علاقے میں گلاب کی کاشت کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ ماضی میں، ان پھولوں کو آرائشی مقاصد یا گلاب کا خوشبودار مربہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا ۔ لیکن حالیہ برسوں میں توجہ ان گلابوں کے ذریعے صحرا کے پھیلاؤ کو روکنے کے کام پر مرکوز کی گئی ہے۔

    ارل قصبے کے گاؤں وانفانگ کے رہائشی میتوسن یبولئیمو کا کہنا ہے کہ ہم مقامی لوگوں کو ہمیشہ سے یہ بات معلوم ہے کہ گلاب ریت کو مستحکم کرنے میں مدد گار ہوتے ہیں ۔ گلاب کی جڑیں زمین میں تین میٹر سے زیادہ گہرائی تک جا کر ریت کو اتنی مضبوطی سے پکڑ لیتی ہیں کہ پودوں کے گرد چھوٹے ٹیلے بن جاتے ہیں ۔

    "یوتیان کےصحرا ئی گلاب" کے نام سے معروف ، گلاب کی اس منفرد قسم کو خاص طور پر اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ یہ صحرا کےانتہائی کناروں کی شدید موسمی صورت حال میں پھل پھول سکے۔ یہ خشک سالی اور نمکیات دونوں کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھتے ہیں ، ان کی جڑوں کا نظام مضبوط اور پتوں کی کثافت زیادہ ہے۔ صرف دو ، تین سالوں میں گلاب کا ایک پودا دو سے تین میٹر چوڑی جھاڑی میں تبدیل ہو جاتا ہے اور ریت کے ٹیلوں کو مستحکم کرنے نیز مٹی کے کٹاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

    آج، یوتیان کی گلاب کی صنعت ایک کامیاب اقتصادی شعبے میں تبدیل ہو چکی ہے اور ایک زیادہ متنوع اور مربوط صنعتی زنجیر تشکیل دے رہی ہے۔ تازہ کٹے ہوئے گلاب کو 12 گھنٹوں کے اندر اندر نباتاتی تیلوں میں پروسیس کیا جاتا ہے جو کہ صارفین میں بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ اب ، ہائیڈروسول، گلاب کی چائے اور کاسمیٹکس سمیت گلاب سے بنی 30سے زائد مصنوعات چین بھر میں فروخت کی جا رہی ہیں۔ ای کامرس اور لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے ان کی سال بہ سال فروخت بڑھانے میں بہت مدد کی ہے اور اس خشک زمین کے گلاب اب دوردراز بازاروں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔

    کاؤنٹی نے ماحولیاتی سیاحت کے عروج کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گلاب کی کاشت کو اپنے دیہی منظر نامے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے استعمال کیا ہے ، جس سے دیہی علاقے کی بصری کشش میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ماحولیاتی سیاحت کے کئی نئے مقامات بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔

    یوتیان میں گلاب کی کاشت کے دائرہ کار میں مسلسل اور مستحکم اضافہ ہوا ہے ، آج تقریباً 80,000 مو یعنی تقریباً 5,333 ہیکٹر رقبہ زیر کاشت ہے۔ 2024 میں، یہاں گلاب کی پیداوار 12,000 ٹن سے زائد تھی جس کی اوسط پیداوار کی مالیت 3,975 یوان فی مو ہے۔ یہ ابھرتی ہوئی صنعت 4,238 خاندانوں کی آمدنی میں اضافے کا باعث بھی ہے۔

    گلاب کے کاشت کار ،مائیتوسن یبولائیمو نے، گلاب کی کاشت سے ٹھوس مالی فوائد حاصل کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پچھلے سال،ان کے خاندان نے صرف گلاب کی کاشت سے اضافی 63,000 یوان (8,634 ڈالر ) کمائے۔ اس کے علاوہ، حکومت کاشتکاروں کو سبسڈی بھی فراہم کرتی ہے۔

    ارد گرد کے صحرا میں پھیلی ہریالی ان کے لیے حوصلہ بخش رہی اور ان کے خاندان نے گلاب کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے 50 مو (تقریباً 3.33 ہیکٹر) زمین کرایے پر لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گلاب کی کاشت سےنہ صرف آمدن میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ یہ صحرا بندی کے لیے بھی مددگار ہیں۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جس پر فخر کرنا چاہیے۔

    ویڈیوز

    زبان