31 جولائی2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)اس شہر کے ہوائی اڈے کی گنبد نما چھت پر معصوم صورت فرشتے پینٹ کیے گئے ہیں ، مرکزی شاہراہوں پر محل نما عمارات کی قطاریں ہیں اور سر اٹھائیں تو ، بڑی میٹری یوشکا گڑیا ( روسی ثقافتی گڑیا ) کی طرز کے ہوٹل نظر آتے ہیں۔ یہ جگہ روس میں کسی پریوں کے قصبے جیسی لگتی ہے لیکن یہ نہیں ، یہ روس نہیں بلکہ چین کا ہی ایک شہر منجولی ہے۔
یہ شہر شمالی چین کے اندرون منگولیا میں واقع ہے اور اس کی سرحدیں روس اور منگولیا دونوں سے ملتی ہیں۔ ایک طویل عرصے تک اس شہر نے چین کی سب سے بڑی زمینی بندرگاہ اور سرحد پار تجارت کے ایک اہم مرکز کے طور پر کام کیا ہے۔ ایک وقت تھا کہ اس شہر کا تمام تر دارومدار تجارت پر تھا لیکن اب سیاحت اس کی ترقی کا "انجن" بن گئی ہے۔ اس شہر کی ثقافتی دلکشی و انفرادیت تو اپنی جگہ لیکن اس کا کسٹم کا آسان اور سہل طریقہ کار بھی سیاحوں کی بڑی تعداد کو یہاں آنے پر مائل کر رہا ہے۔
اس شہر کی خاص بات یہاں کے لینڈ مارکس ہیں اور قومی سرحدی نشان کے ساتھ تصویر بنائے بغیر کسی بھی سیاح کا سفر مکمل نہیں ہوتا ہے۔ سیاح منجولی بارڈر گیٹ کے سامنے، تصاویر بنوانے کے لیے جمع ہوتے ہیں، شہر کی سرحدی تاریخ کے بارے میں جانتے ہیں چینی سرحد کے اندر رہتےہوئے روسی اناج کے بسکٹ، شہد اور دوربینیں خریدتے ہیں۔ ہینان صوبے سے آئے ہوئے ایک سیاح لیو ہونگ چاؤ سرحد کی جانب دیکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ، زمین کی اس باریک پٹی کے اس پار ایک اور ملک ہے ایک ہی وقت میں ہم دو قوموں کو دیکھ رہے ہیں جو کہ کچھ عجیب سا بھی لگتا ہے۔
سیاحوں کی آمد بڑھنے سے اس شہر کی خصوصیات بھی تبدیل ہوئی ہیں۔ چین-روس سرحدی سیاحتی علاقہ ، چین میں سب سے اعلی 5 اے درجہ بندی کا علاقہ ہے جہاں کے مشہور ماٹری یوشکا ہوٹل میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے ۔ وہ یہاں سیلفیز لیتے ہیں ، سووینئر کی مصروف دکانوں میں گھومتے ہیں اور اکثر رات گزارنے کے لیے یہیں رک جاتے ہیں۔ چینی سیاح ، مقامی روسی سرکس کی پرفارمنس سے محظوظ ہوتے ہیں ۔ شہر کے مرکز میں، شن لی دو نام کا ریستوران ہے جس کے باہر چینی اور روسی دونوں ممالک کےلوگ کھانے کھانے کے لیے باقاعدسگی سے قطار میں لگے ہوتے ہیں حتی کہ ہفتے کے روز بھی یہ قطار نہیں ٹوٹتی ہے۔
یہ ترقی نہ صرف مقامی لوگوں کو بلکہ روسی کاروبار کو بھی فائدہ پہنچا رہی ہے۔ منجولی کے سیاحتی علاقے میں، زیورات بیچنے والی وکٹوریہ ، چینی زبان کچھ زیادہ نہیں جانتی ہے لیکن کیلکولیٹر کا استعمال کرتے ہوئے وہ مہارت کے ساتھ گاہکوں سے بھاو تاو کرتی ہے۔ اپنے چینی ساتھیوں کا ذکر کرتے ہوئے وہ کہتی ہے کہ وہ "بھائیوں کی طرح ہیں" اور یہ شہر "دوسرا گھر" محسوس ہوتا ہے۔
منجولی ایک بڑھتے ہوئی سیاحتی رجحان کا حصہ ہے۔ اس کی زمینی سرحدیں 14 ممالک کے ساتھ ہیں،یہی وجہ ہے کہ چین کے سرحدی علاقے دوبارہ سے خود کو مزید دلکش سیاحتی مقامات کے طور پر تشکیل دے رہے ہیں۔
اندرونی منگولیا کے انتہائی شمالی حصے میں واقع ارگونا شہر کی ہیشانٹو پورٹ پر سیاح ، دریا میں روسی سرحد کے ساتھ ساتھ بہتے ہوئے کشتی کی سواری کا لطف اٹھا سکتے ہیں ۔ سنکیانگ میں ہورگوس، ، قازقستان کے قریب ایک سرحدی تعاون کا علاقہ ہے، جہاں جنوری سے لے کر جولائی کے وسط تک بارڈر کراسنگ میں سال بہ سال 70 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔
چین کےمقبول لائف سٹائل سوشل میڈیا پلیٹ فارم شیاو ہونگ شو پر، "بارڈر پورٹس" کے حوالے سے تقریباً 4 ملین آراء موصول ہوئی ہیں جس میں صارفین نے بہترین روسی شہد کہاں سے تلاش کیا جائے، سرحدی نشان پر بہترین تصویر کیسے لی جائے، اور کون سے ریستوران انتہائی مستند غیر ملکی کھانا پیش کرتے ہیں جیسے نکات شیئر کیے ہیں ۔ صوبہ جیانگ سو سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے، سوشل میڈیا پر اندرون منگولیا کی 3 سرحدی چوکیوں کے دورے کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بارڈر گیٹ پر کھڑے ہو کر جہاں دو دنیائیں ملتی ہیں ، میں نے چینی ہونے پر فخر محسوس کیا۔
سرحدی سیاحت کی اس رفتار کو بڑھانے کے لیے، چین نے اپنے سرحدی علاقوں کو ترغیب دی ہے کہ وہ سرحدی سیاحت اور سرحد پار تعاون کے شعبوں کے لیے پائلٹ زون تیار کریں ۔ یکم جون کو، قومی سرحدی سیاحت کے نظرثانی شدہ ضوابط نافذ ہوئے، جن کا مقصد سرحد پار تعاون کو بڑھانا اور منفرد، پرکشش مقامات کو فروغ دینا ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے سیاحتی تحقیقی مرکز کے محقق گاؤ شون لی کہتے ہیں کہ ، جغرافیائی محل وقوع سرحدی شہروں کو منفرد سیاحتی وسائل اور ترقیاتی فوائد فراہم کرتا ہے۔ مقامی حالات پر مبنی پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ، یہ علاقے سیاحت کی مارکیٹ میں 'بلیو چپ اسٹاک' بن سکتے ہیں۔