• صفحہ اول>>چین کے رنگ

    چینی صارفین میں ،  "سیکنڈ ہینڈ شاپس " کی بڑھتی ہوئی مقبولیت

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-08-05
    چینی صارفین میں ، 
    بیجنگ میں "سپر جوآن جوآن" دکان میں صارفین استعمال شدہ اشیا میں سے اپنے لیے مصنوعات منتخب کر رہے ہیں ۔ (پیپلز ڈیلی اوورسیز ایڈیشن/لیاؤ روئی لینگ)

    5 اگست 2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)لگژری اشیاء سے لے کر چھوٹے آلات تک، کپڑوں سے لے کر گیمنگ کے سامان تک، آج کل متعدد چینی صارفین کے لیے سیکنڈ ہینڈ مصنوعات زیادہ بہتر انتخاب ہیں۔حالیہ برسوں میں، سیکنڈ ہینڈ مصنوعات کی دکانوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور ان دکانوں میں مصنوعات کی ایک متنوع رینج دستیاب ہے۔

    بیجنگ کی معروف ڈسٹرکٹ چھاویانگ کی فرینڈ شپ شاپ کے تیسرے فلور پر " سپر جوآن جوآن " سٹور ، چین میں استعمال شدہ اشیاء کے آن لائن تجارتی پلیٹ فارم کی آف لائن دکان ہے۔ اس دکان پرآنے والے ایک گاہک کا کہنا ہے وہ آن لائن ایپ سے تو واقف تھے، لیکن انہیں یہ توقع نہیں کی تھی کہ یہ دکان ، مارکیٹ میں بھی کھلے گی، یہاں خریداری کرنا ان کے لیے اچھا تجربہ ثابت ہوا ہے کیونکہ بڑے بڑے سٹورز کی طرح سیلز سٹاف آپ کے ساتھ ساتھ نہیں چل رہا ہوتا بلکہ آپ مکمل آزادی سے چیزیں دیکھ اور منتخب کر سکتے ہیں۔ ان دکانوں پر خریداری کے لیے آنے والے نوجوانوں کی آرا جاننے کے بعد اندازہ ہوا کہ ان کے لیے معیاری اشیا کی قیمت کا دسترس میں ہونا یہاں آنے کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔لگژری ہینڈ بیگز کی شوقین ایک خاتون کا کہنا ہے کہ شنگھائی میں تو اب ایسی کئی دکانیں ہیں ،تھوڑی سی چھان پھٹک کے بعد آپ کو نسبتاً کم قیمت پر ایک صاف ستھرا ڈیزائنر بیگ مل جاتا ہے۔ اگرچہ یہ پہلے سے استعمال شدہ ہوتے ہیں لیکن ان کو بہت سلیقے سے استعمال کیا گیا ہوتا ہے تو یہ بالکل نئے ہی لگتے ہیں اور برینڈ ز کےنئے بیگز کے مقابلے میں قیمت بھی معقول ہوتی ہے بلکہ کبھی کبھار تو آپ ایک نئے برینڈڈبیگ کی قیمت میں دو سیکنڈ ہینڈ بیگز بھی خرید لیتے ہیں۔

    صارفین کی دلچسپی روایتی ریٹیل کی نسبت سیکنڈ ہینڈ اشیا کی آف لائن دکانوں میں اس لیے بھی بڑھ رہی ہے کیونکہ یہاں اکثر اوقات وہ چیزیں ملتی ہیں جو قدیم اور نایاب ہوتی ہیں اور عام دکانوں پر نہیں ملتی ہیں ۔ زیادہ متنوع برانڈز اور منفرد طرز کے ساتھ یہ نوجوانوں کی ذاتی پسند ناپسند اور مزاج کے ساتھ زیادہ بہتر طور پر ہم آہنگ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ اکثر نوجوانوں کے اس فیصلے کی وجہ ماحولیاتی شعور بھی ہے۔ ان سیکنڈ ہینڈ سٹورز پر آنے والے کئی نوجوان خریداروں کا کہنا ہے کہ پہلے سے استعمال شدہ اشیا خریدنے سے نہ صرف پیسے کی بچت ہوتی ہے بلکہ وسائل کے زیاں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ان مصنوعات کی خریداری اور استعمال ایک ماحول دوست طرز زندگی ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے اس چیلنجنگ دور میں چھوٹے چھوٹے وسائل کو محفوظ کرنا بھی اپنی جگہ بہت اہم ہے اور نوجوانوں کے اس شعور اور اس طرزِ زندگی کو اپنانے میں سیکنڈ ہینڈ اشیا کی دکانیں ان کا ساتھ دے رہی ہیں۔

    بہت سے تھوک کے بیوپاری آن لائن چینلز پر سیکنڈ ہینڈ اشیا کا کام پہلے ہی سے کر رہے تھے مثلاً شیان یو ، اور جوآن جوآن صارفین کے لیے بنیادی پلیٹ فارم تھے تاہم اب جہاں " سپر جوآن جوآن" نے اپنے پلیٹ فارم کو آف لائن توسیع دی ہے وہیں ، شیان یو نے بھی ہانگ جو، شنگھائی، اور نانجنگ جیسے شہروں میں متعدد اسٹورز کھولے ہیں۔ اس سے صارفین کے لیے خریداری کے دوران اشیا کا جائزہ لینے ان کی ساخت اور ہئیت کی تصدیق کرنے اور سائز وغیرہ کا انتخاب کرنے میں سہولت ملتی ہے۔ ماہرینِ صنعت کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں، حکومت نے متعدد "گرین کنزمپشن پالیسیز " متعارف کروائی ہیں ، مثلاً "ٹریڈ -ان" پروگرامز جو سرکلر معیشت کو وسیع پیمانے پر قابلِ قبول بناتے ہیں۔

    بیجنگ کی معروف کمرشل ڈسٹرکٹ چھاویانگ میں سیکنڈ ہینڈ اشیا کی ایک دکان (تصویر/فو شیاو چنگ)

    بیجنگ کی معروف کمرشل ڈسٹرکٹ چھاویانگ میں سیکنڈ ہینڈ اشیا کی ایک دکان (تصویر/فو شیاو چنگ)

    چین کی سیکنڈ ہینڈ ای کامرس مارکیٹ کے حوالے سے 2024 کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کا سیکنڈ ہینڈ ای کامرس ٹرانزیکشن حجم پچھلے سال 645.02 بلین یوان (تقریباً 89.86 بلین ڈالر) تک پہنچ گیا، جو سال بہ سال 17.56 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے، جبکہ صارفین کی تعداد 660 ملین تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 13.79 فیصد زیادہ ہے۔

    ایسے میں کہ جب سرکلر معیشت ترقی کر رہی ہے،سیکنڈ ہینڈ ریٹیل بتدریج ایک نیا ، جامع کاروباری ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہی ہے جو آن لائن پلیٹ فارم سے لے کر روایتی اسٹورز تک پھیلا ہوا ہے۔مارکیٹ اکانومی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے محقق وانگ وی کے مطابق ، جیسے جیسے صارفین کی اعلیٰ معیار کی اشیا کی طلب بڑھتی جا رہی ہے، پائیدار اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات بھی سیکنڈ ہینڈ تجارت کے دائرے میں داخل ہو رہی ہیں اور ان کے استعمال کے متعدد پہلو ان کی افادیت کی قدر کو بڑھا رہے ہیں جس سے سرکلر معیشت کی ترقی آسان ہو رہی ہے۔ تاہم ان کی رائے ہے کہ اس مارکیٹ کو فروغ دینے کے لیے کچھ اصول و قوانین ، تجارتی معیار اور تصدیقی جائزے کے کچھ ضوابط مرتب کیے جانے کی ضرورت ہے ، مزید یہ کہ نگرانی اور حکمرانی کو مضبوط کرنا بھی ضروری ہے تاکہ آن لائن ای کامرس پلیٹ فارم یا فزیکل اسٹورز، دونوں جگہ سیکنڈ ہینڈ ٹرانزیکشنز کی پیشہ ورانہ حیثیت کو بہتر بنایا جا سکے۔

    ویڈیوز

    زبان