11اکتوبر (پیپلز ڈیلی آن لائن) ستمبر میں ، سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کے کاشغر پریفیکچر کے ایک چھوٹے سے دیہی علاقے میں ایک موبائل سائنسی کارواں پہنچا، جسے سائنسی سرگرمیوں کے لیے پرجوش بچوں کے ہجوم نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔
اس تقریب کی باضابطہ شروعات سے پہلے، نوجوان رضاکاروں نے کاروان سے ایک ایک کر کے تمام متعلقہ سامان اتارا اور نمائش گاہ کو ترتیب دیا۔ مقامی مرد، عورتیں اور بچے قافلے کے استقبال کے لیے ایک ساتھ رقص بھی کرتے رہے۔سائنسی نمائشوں، مصنوعی ذہانت کے مظاہروں، اور باہمی تجربات نے نہ صرف بچوں کو محظوظ کیا بلکہ اہم معلومات بھی فراہم کیں۔
ایک پوسٹر پر لکھا تھا: "کون سی ساخت زیادہ وزن برداشت کر سکتی ہے: مثلثی پرزم، چوکور پرزم، یا استوانی؟"
بچے ایک ایک کرکے پانی کی بوتلیں ہر پرزم کی مدد سے بنے ہوئے ہموار پلیٹ فارم پر رکھ رہے تھے، تاکہ ان کی بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت کا عملی تجربہ کرتے ہوئے اس عمل کو سمجھ سکیں۔
جولائی میں کاشغر کے ایک دیہی علاقے میں منعقدہ سائنسی نمائش میں بچے طاقت کی منتقلی کے آلات کے بارے میں سمجھ بوجھ حاصل کر رہے ہیں۔ (چائنا ڈیلی کی فراہم کردہ تصویر)
مئی میں بیجنگ کے چائنا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میوزیم کی جانب سے شروع کی گئی، جنوبی سنکیانگ سائنس کاروان کی یہ مہم ، دور دراز علاقوں میں متحرک سائنسی وسائل فراہم کرتی ہے اور اس کا مقصد ،بنیادی سطح پر سائنسی تعلیم کو قابل رسائی اور متاثر کن بنانا ہے۔
اب تک یہ کاروان ، جنوبی سنکیانگ کے نو اضلاع اور شہروں میں 14 سرگرمیاں منعقد کر چکا ہے اور ابتدائی اور ثانوی سکول کے تقریبا 20,000 طلبہ اس تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔
میوزیم کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ،دیہی سکولز میں نمائشوں، ثقافتی پرفارمنسز اور رضاکارانہ خدمات کے ذریعے ، نوجوانوں میں اپنے ملک کے لیے محبت اور سائنسی کوششوں کے لیے عزم کو بیدار کرنا ہے، جبکہ عوام میں سائنسی لٹریسی کو بڑھانا اور اس خطے میں مستقبل کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی میں ہنر مند افراد کی تربیت اور نشو نما کرنا ہے۔