18 دسمبر کو چین کی وزارت تجارت کے ترجمان حہ یا ڈونگ نے معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپی کمیشن نے حال ہی میں غیر ملکی سبسڈی ریگولیشن (ایف ایس آر) کے تحت چینی کمپنیوں کے خلاف بار بار تحقیقات شروع کیں اور یہاں تک کہ چینی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا موقع پر اچانک معائنہ بھی کیا ہے۔ یہ طرز عمل بد نیتی پر مبنی اور واضح طور پر امتیازی ہے، جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔چین کا مطالبہ ہے کہ یورپی یونین فوری طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری والے اداروں، بشمول چین سے تعلق رکھنے والے اداروں پر اپنا غیر معقول دباو بند کرے اور ایف ایس آر تحقیقاتی ٹولز کے استعمال میں احتیاط سے کام لیتے ہوئے یورپ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے والے اداروں کے لیے ایک منصفانہ، مساوی، اور قابل توقع ماحول فراہم کرے۔ چین یورپی کمیشن کی متعلقہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اٹھائےگا۔



