4 جنوری (پیپلز ڈیلی آن لائن)بیجنگ میونسپل بیورو آف کلچر اینڈ ٹورازم کے مطابق، نئے سال کی تعطیلات کے دوران بیجنگ میں 88 لاکھ 8 ہزار سیاحتی ٹرپس ریکارڈ کیے گئے، جبکہ سیاحت سے حاصل ہونے والی مجموعی آمدن 10.97 ارب یوآن یعنی تقریباً 1.56 ارب امریکی ڈالر رہی۔
جمعرات سے ہفتے تک کی ، سہ روزہ تعطیلات کے دوران بیجنگ میں ثقافت اور سیاحت کو یکجا کرتے ہوئے مختلف نوعیت کے پروگرام ترتیب دیے گئے، تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو متنوع تجربات مل سکیں۔
پرفارمنس مارکیٹ کے حوالے سے بات کی جائے تو تین روزہ تعطیلات کے دوران بیجنگ میں 275 کمرشل پرفارمنسز منعقد ہوئیں، جنہیں 2 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا۔ ان پروگرامز سے باکس آفس پر 76 ملین یوآن سے زیادہ آمدن ہوئی۔
بیورو کے مطابق چھٹیوں کے دوران 70 سے زائد نمایاں سرگرمیاں منتخب کی گئیں اور سالِ نو کی ثقافتی و سیاحتی سرگرمیوں کا ایک نقشہ جاری کیا گیا تاکہ تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو مکمل رہنمائی مل سکے۔
اس کے علاوہ 30 تھیمڈ روٹس بھی متعارف کرائے گئے، جن کے ذریعے سردیوں میں شہر دیکھنے کے نئے انداز سامنے آئے۔ مختلف سطح کے ثقافتی مراکز اور کتب خانوں سمیت ، بیجنگ کے مختلف عوامی ثقافتی اداروں نے 395 عوامی ثقافتی سرگرمیاں منعقد کیں، جن میں 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
بیجنگ میونسپل کامرس بیورو کے مطابق نئے سال کی تعطیلات میں ڈپارٹمنٹل سٹورز، سپر مارکیٹس، سپیشلٹی سٹورز، کیٹرنگ اور ای کامرس سمیت مختلف شعبوں میں اہم اداروں کی مجموعی فروخت 4.04 ارب یوآن تک پہنچ گئی۔




