شمال مغربی چین کے سنکیانگ ویغور خوداختیار علاقے میں ای کامرس کی سہولت اب تقریباً تمام دیہی علاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ یہ پیش رفت کاؤنٹی سطح کے کمرشل سروس سینٹرز اور لاجسٹکس ڈسٹری بیوشن ہبز کے مکمل نیٹ ورک اور ٹاؤن شپ کی سطح کے لاجسٹکس سٹیشنز کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
علاقائی محکمہ تجارت کے مطابق ٹاؤن شپ کمرشل سینٹرز اور دیہی سہولت سٹورز کی کوریج بالترتیب 96.56 فیصد اور 98.92 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
یہ پیش رفت 2023 میں وزارتِ تجارت اور دیگر آٹھ سرکاری اداروں کی جانب سے کاؤنٹی سطح کی تجارت کے لیے جاری کردہ تین سالہ قومی ایکشن پلان کے بعد تیز ہوئی۔ اس منصوبے کے تحت سنکیانگ نے کاؤنٹی سطح پر اپنی تجارت اور لاجسٹکس کے نیٹ ورک کو بہتر بنایا، جس سے صنعتی مصنوعات کی دیہات تک رسائی اور زرعی مصنوعات کی شہروں تک ترسیل کے عمل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران اس خطے کو مرکزی حکومت کی جانب سے 548 ملین یوآن یعنی تقریباً 78 ملین امریکی ڈالرکی فنڈنگ ملی اور تقریباً 400 منصوبوں کی معاونت کی گئی۔ اسی عرصے میں کاؤنٹی سطح کے 255 جامع کمرشل سروس سینٹرز تعمیر یا اپ گریڈ کیے گئے، جو 2021 کے مقابلے میں 45.7 فیصد کا اضافہ ہے۔
علاقائی محکمہ تجارت کے نائب ڈائریکٹر لی شوان کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں یہ علاقہ ،کاؤنٹی سطح کی مارکیٹ کو مزید متحرک کرے گا اور دیہی علاقوں میں کھپت کے مواقعوں سے بہتر طور پر فائدہ اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہری و دیہی ترقی کے بہتر امتزاج کوممکن بنانے اور دیہی احیا کے جامع اہداف کو فروغ دینے کے لیے ،پالیسی رہنمائی اور مالی معاونت کے ذریعے کاؤنٹی کمرشل سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رہے گا ۔



