• صفحہ اول>>دنیا

    ٹرمپ کو ایران پر ممکنہ فوجی حملے کے منصوبوں سے آگاہ کیے جانے کا انکشاف

    (CRI)2026-01-12

    کئی امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے منصوبوں پر مبنی بریفنگ سنی ہے اور اس وقت وہ ایران پر حملہ کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم وہ امریکی فوج کو فوجی کارروائی کی اجازت دینے کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکی فوج کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں، جن میں تہران کے بعض غیر فوجی مقامات کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔

    اطلاعات کے مطابق 10 تاریخ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ایران کی صورتحال کے علاوہ غزہ اور شام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    حال ہی میں ایران میں مہنگائی میں اضافے اور قومی کرنسی کی قدر میں کمی کے باعث احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، جن کے دوران مختلف علاقوں میں ہنگامے ہوئے اور جانی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے 9 تاریخ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ احتجاجی سرگرمیاں امریکہ اور اسرائیل کی منصوبہ بندی اور کنٹرول کے تحت قومی سلامتی کے خلاف تخریبی اقدامات میں تبدیل ہوئی ہیں۔ٹرمپ کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل مل کر ایرانی عوام کی زندگیوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ایرانی فوج نے 10 تاریخ کو اعلان کیا کہ وہ قومی مفادات کا دفاع کرے گی، اسٹریٹجک بنیادی ڈھانچے اور عوامی املاک کا تحفظ یقینی بنائے گی، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے "دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں"۔

    ویڈیوز

    زبان