امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو حالیہ دھمکیوں کے تناظر میں، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا غلط اندازے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپاہ پاسداران انقلاب مکمل طور پر مستعد ہیں اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے احکامات پر ہر وقت عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔
محمد پاکپور نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کو تاریخی تجربات اور گزشتہ سال جون میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ سے سبق سیکھنا چاہیے اور کسی بھی غلط اندازے سے گریز کرنا چاہیے، بصورت دیگر انہیں مزید تکلیف دہ اور پشیمانی سے بھرپور نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سپاہ پاسداران انقلاب نے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوطی کے ساتھ ملکی دفاعی صلاحیتوں اور قومی سلامتی کو مستحکم کیا ہے، تاکہ امریکہ کی دشمنی اور بدنیتی پر مبنی اقدامات کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔



