امریکی صدر کے خصوصی ایلچی وٹکوف نے 24 جنوری کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا ایک نیا دور آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہونے والا ہے۔ وٹکوف نے کہا کہ امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان 23 اور 24 تاریخ کو ابوظہبی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات "بہت تعمیری" ثابت ہوئے اور تینوں فریق اگلے ہفتے ابوظہبی میں مشاورت جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی دن یوکرین کے صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ سہ فریقی مذاکرات تعمیری تھے، جن کا مرکزی موضوع جنگ کے خاتمے کے لیے "ممکنہ حل"تلاش کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تمام فریق بات چیت جاری رکھنے پر آمادہ رہے تو مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ہفتے منعقد ہونے کی توقع ہے۔
تاحال روس کی جانب سے اگلے سہ فریقی مذاکرات کے وقت کے بارے میں کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔



